نظام کی رقم کے کیس میں برطانوی عدالت کا فیصلہ - پاکستان کو فیس ادائیگی کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-23

نظام کی رقم کے کیس میں برطانوی عدالت کا فیصلہ - پاکستان کو فیس ادائیگی کی ہدایت

لندن
پی ٹی آئی
برطانیہ کی ایک عدالت نے67سالہ قدیم حیدرآباد فنڈس کیس میں پاکستان کو1,50,000پاؤنڈ بطور قانونی فیس ہندوستان کو ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے نظام کی رقم سے متعلق کیس میں پاکستان کے برتاؤ کو ناموزوں قرار دیا۔ یہ کہتے ہوئے کہ اس کیس میں پاکستان مقتدار اعلیٰ نہیں ہے جج نے پاکستانی ہائی کمشنر کو حکم دیا کہ حیدرآباد فنڈس کے دیگر مدعی علیہان کو بھی قانونی مصارف ادا کرے جن کی مالیت فی الحال35ملین پاؤنڈس ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مدعی علیہان حکومت ہند۔نیشنل ویسٹ منسٹرس بینک اور نظام کے وارثین مکرم جاہ اورمفخم جاہ کے قانونی مصارف تقریباً4لاکھ پاؤنڈ ہوتے ہیں ۔ اس کے منجملہ ہندوستان کو1,50,000پاؤنڈ۔ نیشنل ویسٹ منسٹرس بینک کو1,32,000پاؤنڈس اور نظام کے وارثین کو تقریباً60,000پاؤنڈس فی کس بالترتیب ادا کئے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ہندوستانی حکومت اور نظام کے وارثین اس موضوع پر بات چیت کررہے ہیں ۔ یہ کیس برطانیہ میں ہائی کمشنر کے نام بینک اکاؤنٹ کو1,007,940پاؤنڈ اور 9شیلنگ کی منتقلی سے متعلق تھا ۔ یہ رقم نظام ہفتم کی ایماء پر حیدرآباد حکومت نے پاکستان کے ایک ایجنٹ کے ذریعہ رحمت اللہ کو منتقل کی تھی۔1947ء میں تقسیم کے بعد ہندوستان اور پاکستان آزاد ممالک بن گئے تھے ۔ ذیلی بر اعظم میں بعض آزاد ریاستیں تھیں جن کو برطانیہ نے کسی بھی ملک میں شامل ہونے کا اختیار دیا تھا یا وہ آزاد رہ سکتے تھے ۔ نظام نے آزاد رہنا پسند کیا تھا۔18ستمبر1948ء کو حیدرآباد ہندوستان میں شامل ہوگیا ۔20ستمبر1948کو رقم ایجنٹ کے ذریعہ رحمت اللہ کو منتقل کی گئی ۔ بینک نے نظام کی درخواست پر تعمیل سے انکار کیا کیونکہ کھاتہ دار سے کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا تھا ۔ یہ معاملہ برسوں لاینحل رہا ۔ نظام کے بعد حکومت ہند نے بطور قانونی وراثت اس رقم پر ادعا کیا ہے ۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ یہ حکومت کی رقم ہے ۔نظام کی خانگی رقم نہیں۔

Hyderabad Funds case: UK court tells Pakistan to pay India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں