مسلم نوجوانوں کی حفاظت میں پاکستانی ہندوؤں نے ہولی منائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-07

مسلم نوجوانوں کی حفاظت میں پاکستانی ہندوؤں نے ہولی منائی

نئی دہلی
یو این آئی
ایک سے زیادہ مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کوفروغ دینے کے لئے کل پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں ہولی منانے والوں کو مسلم نوجوانوں نے انسانی ڈھال کا محفوظ دائرہ فراہم کیا۔ پاکستانی ہندوؤں کو کراچی میں جوش و خروش کے ساتھ اپنا تیوہار منانے کا یہ موقع نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے فراہم کیا۔ سابق صدر پاکستان ایوب خان کے زمانہ کی اس تنظیم نے کہا کہ عدم رواداری کے ماحول میں مندروں پر حملوں، جبری تبدیلی مذہب کے واقعات اور دوسری تہذیبوں کے عدم احترام کو دیکھتے ہوئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ برعکس تاثر بھی سامنے آئے ۔ فیڈریشن کے ایک رکن فواد حسن کے حوالہ سے پاکستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ جس وقت ان کی تنظیم پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کے دفاع میں کھڑی ہوئی تھی اس وقت پاکستانی ڈاکٹر جے پال چھابڑیا شانہ بشانہ تنظیم کے ساتھ تھے ۔ اس لئے فیڈریشن آج ان ہندوؤں کے ساتھ کھڑی ہے جنہیں پاکستان میں ایک سے زیادہ قسم کی زیادتیوں کا سامنا ہے ۔ روزنامہ ڈان کے مطابق فیڈریشن نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ہولی کی تشہیر کی اور مذہبی رواداری پر یقین رکھنے والوں کو اپنے اپنے طور پر شرکت کی دعوت دی ۔ فواد نے کہا کہ معاشرہ کو مجموعی طور پر انقلاب کا حصہ بنارہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان میں60ہزار معصوم افراد کی جانیں گئی ہیں ۔

Human shield to protect Hindus celebrating Holi in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں