کشمیر میں شدید بارش کے سبب سیلاب جیسی صورتحال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-30

کشمیر میں شدید بارش کے سبب سیلاب جیسی صورتحال

وادی کشمیر جہاں لوگ ابھی گزشتہ سال کے ستمبر میں آنے والے تباہ کن سیلا ب کی تباہ کاریوں سے سنبھل بھی نہیں پائے ہیں، ایک بار پھر موسلا دھار بارشوں کے سبب وہاں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ دریائے جہلم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے جب کہ جنوبی کشمیر اور سری نگر میں کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں جس کے باعث لوگوں میں زبردست خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے ۔ جبکہ شمالی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے ۔ تاریخی لال چوک اور اس سے ملحقہ بازاروں میں دکانداروں نے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح دیکھ کر اپنی دکانوں سے سازو سامان کو باہر نکالنا شرو ع کردیا ہے ۔ قابل ذکر ہیکہ ستمبر2014کے تباہ کن سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر سری نگر ہی رہا تھا جہاں دس ہزار سے زیادہ دکانیں متاثر جب کہ60ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق سری نگر اور جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دریائے جہلم کے دونوں اطراف رہائش پذیر کنبے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ ایک رپورٹ کے مطابق پلوامہ کے نائنا سے لے کر لتھ پورہ تک دریائے جہلم کے دونوں اطراف رہائش پذیر سیکڑوں کنبے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوگئے ہیں۔ ضلع کے مختلف دیہات ضلع صدر مقامات سے کٹ کر رہ گئے ہیں جب کہ ضلع کو سری نگر، اننت ناگ اور دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی رابطہ سڑکیں زیر آب آنے کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ور فت کے لئے بند کردی گئی ہیں۔ وادی کشمیر میں بورڈ آف اسکول ایجوکیشن اور کشمیر یونیورسٹی نے شدید بارش کی وجہ سے تمام امتحانات ملتوی کردیے ہیں ۔ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے پیر کو لئے جانے والے تمام امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ کشمیر یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات کے مطابق پیر اور منگل کو لئے جانے والے تمام یونیورسٹی امتحانات خراب موسمی حالات کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے ہیں۔ دریں اثناء محکمہ تعلیم نے پیر اور منگل کو وادی میں آٹھویں جماعت تک تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے ۔اس بیچ جموں میں اپنی تمام مصروفیات کو منسوخ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید اتوار کو سری نگر پہنچے جہاں انہوں نے گزشتہ دودنوں سے لگاتار بارشوں سے وادی میں پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

Heavy rains trigger flood fears in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں