موسمی تبدیلی - دہشت گردی - غربت - جوہری پھیلاؤ - کرہ ارض کو لاحق بڑے خطرات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-14

موسمی تبدیلی - دہشت گردی - غربت - جوہری پھیلاؤ - کرہ ارض کو لاحق بڑے خطرات

واشنگٹن
پی ٹی آئی
موسمی تبدیلی ، دہشت گردی اور غربت جیسا ہی چیلنج ہے جو کسی سرحد تک محدود نہیں رہتی ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے یہ بات کہی اور اس بڑھتے خطرے سے نمٹنے کے لئے عاجلانہ عالمی تعاون کی اپیل کی ۔ امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل پر موسمی تبدیلی پر اپنی اہم خارجہ پالیسی تقریر میں کیری نے کہا’’دہشت گرد، شدت پسندی، وبائیں ، غربت ، جوہری پھیلاؤ ، تمام چیلنجز کسی سرحد کو ملحوظ نہیں رکھتے اور موسمی تبدیلی بھی اسی فہرست میں شامل ہے ۔ یہ بلاشبہ کرہ ارض کو لاحق بڑے خطرات میں سے ایک ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اعلیٰ فوجی عہدیداروں نے بھی اسے سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ قرار دیا ہے اور یہ صرف امریکہ کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے ہے۔ جس نے بھی سائنس کو حقیقی معنوں میں ملحوظ نہیں رکھا ، جس نے بھی ہمارے قومی سلامی ماہرین کی بات کو حقیقی معنوں میں نہیں سنا، وہ مختلف نتیجہ تک پہنچ سکتا ہے ۔‘‘واضح رہے کہ کیری کا تبصرہ ایک ایسے وقت آیا جب وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک روز قبل ہی سیشلیس میں موسمی تبدیلی کے مسئلے پر خطاب کرتے ہوئے اسے’’دہشت گردی کے مماثل‘‘ خطرہ قرار دیا تھا ۔ اپنی تقریر میں کیری نے کہا کہ یہ ایک نازک سال ہے اور موسمی تبدیلی سے در پیش چیلنجز عاجلانہ عالمی تعاون کے متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک نازک سال ہے لہذا کوئی غلطی نہ کریں اور یہی وجہ ہے کہ روڈٹو پیرس کی یہ سیریز اتنی اہمیت کی حامل ہے ۔ سائنس ہم سے کہتی ہے کہ موسمی تبدیلی کے بد ترین اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے ہمارے پاس اب بھی وقت ہے ، لیکن در حقیقت وقت سے تیزی سے ہاتھ نکلتا جارہا ہے ۔‘‘انہوں نے کہا کہ پیرس میں دسمبر میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمی تبدیلی کانفرنس میں دنیا اکٹھا ہوگی اور ہم دیکھیں گے کہ ایک جامع معاہدہ تک پہنچنے کے لئے آیا ہم اجتماعی سیاسی قوت ارادی حاصل کرتے ہیں یا نہیں ۔‘‘ کیری نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان موسمی تبدیلی کے چیلنج میں شامل ہوچکا ہے اور انہوں نے اس مسئلے سے نمٹنے کی ہندوستانی کوششوں کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ صدر اوباما کے حالیہ دورہ دہلی کے دوران صدر نے اپنے دور رس شمسی توانائی کے نشانے کی توثیق کی اور دونوں ممالک نے موسم اور شفاف توانائی کے حامل متعدد اقدامات پر رضا مندی ظاہر کی ۔ ہم نے پیرس میں ایک کامیاب عالمی معاہدہ کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کا بھی عہد کیا ہے ۔ اس طرح ہندوستان بھی اس چیلنج میں شامل ہوگیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ موسم کی تبدیلی سے علاقہ کے انسانوں کی طرز زندگی پر بھی کافی اثر پڑ سکتا ہے ۔ اسی کے وجہ سے لباس ، رہائش اور دیگر امور میں بھی فرق واضح ہوتا ہے ۔

Climate change one of the biggest threats for Earth: Kerry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں