Sadhvi Prachi calls for boycott of Aamir, Shah Rukh and Salman Khan films
دہلی انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ زبان کھولتے ہوئے ایک اور بی جے پی رہنما سادھوی پراچی نے ہندوؤں سے اپیل کی ہے وہ بالی ووڈ کے خانوں کی فلموں کا بائیکاٹ کریں کیونکہ ان فلموں کے ذریعہ وہ لوجہاد کو فروغ دیتے ہیں۔ راہول گاندھی پر تبصرہ کرتے ہوئے سادھوی نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو کسی ہندوستانی لڑکی سے شادی کرکے اپنا گھر بسا لینا چاہئے ۔ وہ آج اتوار کے دن دہرادون میں وی ایچ پی کی ایک میٹنگ میں شریک تھیں۔ انہوں نے اپنے نفرت آمیز بیان کو مزید طول دیتے ہوئے کہا کہ خانوں کی فلموں سے ہمارے بچوں کو صحیح تہذیب نہیں مل پارہی ہے ۔ وہ لو جہاد کو فروغ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے تمام ہندوؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کی دیواروں پر خانوں کی تصاویر آویزاں نہ کریں ۔ یادر ہے کہ بالی ووڈ میں سلمان خان ، عامر خان اور شاہ رخ خان ، ان تینوں کو خان کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ سادھوی نے نفرت اگلتے ہوئے کہا کہ لو جہاد ، دو ذاتوں کے افراد کے درمیان شادی کا نام نہیں ہے بلکہ مجرمانہ نیت کے ساتھ کسی کے عقائد بدلنے کا نام ہے۔ ہندو تنظیمیں اسے کبھی برداشت کرنیو الی نہیں ۔ راہول گاندھی پر تبصرہ کرتے ہوئے سادھوی نے مزید کہا کہ راہول کی حالیہ’’گمشدگی‘‘ پر ان کی ماں اور بہن کو تشویش لاحق ہے ۔ راہول کو ان کی تشویش دور کرتے ہوئے شادی کرلینی چاہئے اور گھر بسا لینا چاہئے ۔ سادھوی نے ہندوؤں سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی بھی اپیل کی ۔ اس نے کہا کہ ہندوؤں کی آبادی گھٹ رہی ہے اور ملک کو متوازن رکھنے کے لئے انہیں زیادہ بچے پیدا کرنے ہوں گے۔ سادھوی نے مدر ٹریسا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تبدیلی مذہب کی مخالف تھیں ۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں