راہل گاندھی کی رخصت کا سبب - سونیا گاندھی کے ساتھ اختلافات؟ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-02

راہل گاندھی کی رخصت کا سبب - سونیا گاندھی کے ساتھ اختلافات؟

راہول گاندھی کے سر گرم سیاست کو عارضی طورپر خیر باد کہنے کی کہیں زیادہ وجوہات ہوسکتی ہیں ، جو بظاہر نظر آرہی ہیں ۔ میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ وہ انتخابات میں کانگریس کی حالیہ شکست کے عوامل پر غوروخوض کے لئے رخصت پر گئے ہوئے ہیں ۔ کانگریس صدر کے جانشین بھی اس بات کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ عوام سے دوری انہیں یا کسی کو بھی یہ سمجھنے میں مدد نہیں دے سکتی کہ کانگریس کو موجودہ بحران کا سامنا کیوں ہے ؟44سالہ شہزادہ کے ایک مددگار جئے رام رمیش نے اس خیال کا اظہار کیا۔ ہوسکتا ہے کہ راہول گاندھی ان مختلف نکات پر غورکرنا چاہتے ہوں جو گزشتہ سال عام انتخابات میں پارٹی کی شرمناک شکست کے بعد سے پارٹی عہدیداروں کے ساتھ طویل اجلاسوں میں ان کے سامنے آئے ہوں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ مختلف تجاویز یا نکات پر غوروخوض کے لئے پرسکون ماحول ضروری ہے ۔اس کے باوجود رخصت حاصل کرنا سیاسی قائدین کی ذہنیت کا عکاس نہیں ہوتا جو دوسروں کو دیکھ کر اپنا رویہ تبدیل کرنے والے لوگ نہیں ہوتے ۔ وہ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو سرگرمیوں کے ماحول میں جانا پسند کرتے ہیں، صرف مفکرین تنہائی پسند ہوتے ہیں ۔ راہول گاندھی جب سے سیاست میں سرگرم ہوئے ہیں ایسا کوئی واقعہ نظر نہیں آتا جس کی بناء پر یہ کہاجاسکے کہ وہ خود احتسابی کرنے والے ہیں۔ انہوں نے 130سالہ قدیم پارٹی کے احیاء کے لئے تنظیمی انتخابات کی جو تجویز پیش کی ہے یہ کوئی غیر معمولی تجویز نہیں ۔ ان کا یہ استدلال بھی کوئی غیرمعمولی استدلال نہیں ہے ۔ کہ بیشتر جماعتیں جن میں خود ان کی پارٹی بھی شامل ہے ، قریبی مدد گاروں یا درباریوں کی جانب سے چلائی جاتی ہیں۔ اگر وہ واقعی ایسے خود غرض گروپس کو دور کرنا چاہتے تھے تو انہیں نائب صدر کا عہدہ قبول نہیں کرنا چاہئے تھا ۔ بہر حال ان سب کے مد نظر یہ کہاجاسکتا ہے کہ راہول گاندھی ان رکاوٹوں کے خلاف جدو جہد کررہے ہیں جو بظاہر ان کی تجاویز پر عمل آوری کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کی اس بات سے اشارہ ملتا ہے کہ راہول گاندھی ، کجریوال طرز کی مہم چلانا چاہتے تھے، وہ پارٹی کے دروازے کھولتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس میں شامل کرنا اور عوامی رابطہ پر زیادہ زور دینا چاہتے تھے ، لیکن بد قسمتی سے پارٹی نے انہیں ایک نئی سمت دینے کی اجازت نہیں دی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جب لفظ پارٹی استعمال کیا تو اس سے ہم بہ آسانی سمجھ سکتے ہیں کہ ان کا مطلب کیا تھا ۔ بیرونی افراد کے لیے کانگریس پارٹی یا ہائی کمان صرف سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پر مشتمل ہے جن کاہر لفظ قانون ہوتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں