کالے دھن کے انکشاف کا آخری موقع - مملکتی وزیر خزانہ جینت سنہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-02

کالے دھن کے انکشاف کا آخری موقع - مملکتی وزیر خزانہ جینت سنہا

بیرونی ممالک میں کالا دھن رکھنے والے ہندوستانیوں کو سمندر پار بینک اکاؤنٹس یا اپنی دولت کا انکشاف کرنے کا آخری موقع دیاجائے گا جس کے ذریعہ وہ جیل کی سزا سے بچ سکتے ہیں ۔ مملکتی وزیر فینانس جینت سنہا نے آج یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک اثاثہ جات ظاہر کرنے میں ناکامی پر 7سال قید با مشقت کا سامنا ہوگا ۔ اگر کوئی اپنی آمدنی کو مخفی رکھے اور ٹیکس ادا کرنے سے بچے تو اسے10 سال جیل کی سزا ہوسکتی ہے ۔ یہ دفعات اس بل کا حصہ ہوں گے جو حکومت پارلیمنٹ کے موجودہ سیشن میں لانے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ کالا دھن کی لعنت پر قابو پایا جاسکے ۔ کالا دھن رکھنے والوں کے لئے معافی کی اسکیم سے متعلق حکومت کی تجویز کی قیاس آرائی کو مسترد کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ عام معافی کی کوئی اسکیم نہیں ہے ۔ حکومت نے یہ بات بالکل واضح طور پر کہہ دی ہے اور ہر اس ہندوستانی شہری سے جس نے اپنے اکاؤنٹس اور دولت کا افشاء نہیں کیا اور اسے چھپا کر رکھا ہے ، یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اثاثہ جات کا انکشاف کردے گا ۔ اس کے لئے موقع فراہم کیا گیا ہے چنانچہ معافی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ’’ آپ کے پاس جو کچھ ہے، آپ کو بتانا پڑے گا ۔ دولت کے انکشاف کے لئے آپ کے پاس ایک مقررہ مہلت ہے جو اس سے فائدہ اٹھاکر اثاثہ جات کا افشاء نہیں کریں گے انہیں7 سال تک کی سزا بھگتنا پڑے گا۔‘‘ مجوزہ قانون سازی کی وضاحت کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ آمدنی کی پردہ پوشی اور ٹیکس چوری سے10 سال تک کی سزا کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اکاؤنٹ رکھنے والے شہری کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ اس نے اپنا یہ اکاؤنٹ کب کھولا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک نیا قانون وضع کرنے کے ساتھ ساتھ بے نامی منتقلی قانون میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جارہی ہے اور رئیل اسٹیٹ کا روبار میں پیشگی کے بطور20ہزار روپے سے زائد نقد رقم کی قبولیت پر بھی پابندی لگادی جائے گی۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کل ہی اپنی بجٹ تجاویز میں کہا تھا کہ بیرون ملک موجود دولت واپس لانے کا ہمار ا عہد ہے ۔ اس مقصد کے لئے ہم نے ایک جامع نیا قانون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو بالخصوص سمندر پار بینکوں میں جمع کی گئی اس طرح کی رقم سے نمٹے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے وہ پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں ہی ایک بل پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

Black Money Holders Will Have a Last Chance to Disclose Assets: Union Minister Jayant Sinha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں