پرشانت بھوشن عام آدمی پارٹی کی تادیبی کمیٹی سے برطرف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-30

پرشانت بھوشن عام آدمی پارٹی کی تادیبی کمیٹی سے برطرف

عام آدمی پارٹی کے باغی لیڈر پرشانت بھوشن کو آج پارٹی کی تادیبی کمیٹی سے نکال دیا گیا ہے جب کہ ایڈ مرل( ریٹائرڈ) ایل رام داس کو پارٹی کے داخلی لوک پال سے بھی ہٹا دیا گیا ۔ بھوشن اور سینئر لیڈر یوگیندر یادو کو ایک دن قبل ہی قومی عاملہ سے خارج کردیا گیا تھا ۔ عاملہ کا ایک ہنگامی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں پارٹی نے بحریہ کے سابق سربراہ رام داس کو لوک پال کے عہدہ سے برطرف کردیا اور ایک نیا لوک پال تشکیل دیا جو سابق آئی پی ایس عہدیداروں این دلیپ کمار اور راکیش سنہا کے علاوہ ماہر تعلیم ایس پی ورما پر مشتمل ہے ۔ پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج گپتا نے بتایا کہ ان تمام افراد نے پارٹی کے لوک پال پیانل کا حصہ بننے کیلئے رضا مندی دے دی ہے ۔ قومی عاملہ نے بھوشن کو تادیبی کمیٹی سے برطرف کردیا اور ان کی جگہ دنیش واگھیلا کی قیادت میں تین رکنی پیانل تشکیل دیا ۔ اس کے دیگر ارکان اروند کجریوال کے وفادار اشش کھیتان اور گپتا ہیں ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی رہائش گاہ پر پارٹی کی عاملہ کے اجلاس میں بھوشن کو تادیبی کمیٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ایڈ مرل رام داس کی مدت کا ر دسمبر 2013میں ہی ختم ہوچکی تھی ۔ وہ پارٹی کے ممبر نہیں تھے اور انہیں اندرونی لوک پاک کے لئے آزادانہ انچارج بنایا گیا تھا ۔ ان کے ایک خط کا افشاء ہونے سے ہی پارٹی میں ابال آیا تھا ۔ انہیں ہفتہ کے روز قومی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی شریک ہونے نہیں دیا گیا تھا جب کہ پرشانت بھوشن و یوگیندر یادو اس کا مطالبہ کررہے تھے ۔ اس میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ پارٹی22اپریل کو تحویل اراضی بل کے خلاف پارلیمنٹ کا گھیرا کرے گی ۔ اس کے لئے بھی چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اس میں الیاس اعظمی ، پریم سنگھ ، سومیندر ڈھاکہ ، یوگیش وہیا ،گرنام سنگھ اور کرن بسسا کو شامل کیا گیا ہے ۔

ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے کل قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پوری دہلی عام آدمی پارٹی کے ساتھ تھی بعض دوستوں نے ہی ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ، اس اجلاس میں ناراض قائدین پر شانت بھوشن اور یوگیندر یادو کو مخالف پارٹی سر گرمیوں کی پاداش میں قومی عاملہ سے نکال دیا گیا تھا ۔ عام آدمی پارٹی نے آج اس تقریر کا ایڈٹ کیا ہوا حصہ جاری کیا۔ کجریوال نے پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو پر سخت تنقید کی اور ان پر اصولوں کے موضوعات اٹھانے کے نام پر شخصی مہم جوئی کا الزام لگایا اور کہا کہ اس عمل کے دوران انہوں نے پارٹی کو کمزور کیا ہے۔ کجریوال نے جذباتی تقریر میں کہا کہ جب پوری دہلی ہمارے ساتھ کھڑٰ تھی ہمارے ہی بعض دوستوں نے ہم سے دھوکہ کیا ۔ بڑے بوجھل دل کے ساتھ میں کہتا ہوں کہ جب پوری دہلی ہمارے ساتھ تھی بعض دوستوں نے پیٹھ میں چھرا گھونپا، انہوں نے کہا کہ دہلی کے انتخابات میں ہماری شکست کو یقینی بنانے کے لئے سازشیں کی گئیں، عوام تنظیم قائم کی گئی اور اس کی تائید کی گئی ۔ اس کے بعد میڈیا میں یہ بات آئی کہ عوام تنظیم کے ارکان بی جے پی کے سابق ارکان ہیں اور بی جے پی نے ان کی مالی مدد کی ہے۔ اس دوران عام آدمی پارٹی کے لیڈر رمضان چودھری نے آج قومی کونسل کی میٹنگ میں مبینہ دھکم پیل پر پولیس میں شکایت درج کرائی ہے ۔ پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے لیکن اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ چودھری نے ادعا کیا ہے کہ ان کے ساتھ بعض نامعلوم افراد نے دھکم پیل کی اور ان پر حملہ کیا۔

Bhushan removed from AAP disciplinary committee; dropped as Lokpal, Ramdas upset

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں