مہاراشٹر میں بیف پر پابندی - تاجروں اور دکانداروں کو مہلت دینے عدالت کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-13

مہاراشٹر میں بیف پر پابندی - تاجروں اور دکانداروں کو مہلت دینے عدالت کی ہدایت

ممبئی
پی ٹی آئی
بمبئی ہائی کورٹ نے آج حکومت مہاراشتر سے کہا ہے کہ وہ ڈیلروں اور خریداروں کو موجودہ مویشیوں کے اسٹاک اور ہڈیوں کو فروخت کرنے کا مناسب موقع فراہم کرے جو قانون نافذ کرنے سے پہلے ان کے پاس موجود تھا ۔ جسٹس وی ایم کناڈے اور اے آر جوشی نے بیف تاجروں کی جانب سے مفاد عامہ کے تحت داخل کردہ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جس میں مہاراشٹرا میں بیف کے گوشت پر لگائی گئی پابندی کے قانون پر عمل آوری روکنے کی خواہش کی گئی ہے ، کہا کہ اگر قانون نافذ ہوگیا ہے تو عہدیدار اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے مجبور ہیں ۔ اس لئے عدالت انہیں کوئی راخت نہیں دے سکتی تاہم جو مویشی اور ہڈیاں وغیرہ موجود ہیں انہیں فروخت کرنے یا ٹھکانے لگانے کا موقع فراہم کیاجاسکتا ہے ۔ جسٹس کناڈے نے تمام متعلقہ فریقین سے کہا کہ وہ اسے مذہبی مسئلہ نہ بنائیں۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ وہ تاجروں اور فروخت کنندوں کو کم سے کم 7دن کا وقت فراہم کرے ۔ اس عرصہ کے دوران مویشیاں رکھنے والوں کو ہراساں نہ کیاجائے۔ ایڈوکیٹ جنرل سنیل منوہر نے عدالت کو بتایا کہ حکومت ان تمام افراد کے خلاف کارروائی شروع کرے گی جن کے پاس گائے یا بیل ہوں گے ۔ اس پر عدالت نے ان سے کہا کہ حکومت کو تاجروں اور فروخت کنندوں کو وقت دینا چاہئے تاکہ وہ اپنے پاس موجو د اسٹاک کا کوئی حل تلاش کرسکیں ۔ منوہر نے عدالت کو بتایا کہ نیا قانون 4مارچ سے نافذ ہوچکا ہے اور اعلامیہ کی سرکاری گزٹ میں اشاعت بھی عمل میں آئے گی ۔ عدالت نے کل جاننا چاہا تھا کہ وہ تاریخ کون سی ہے جس میں حقیقتاً یہ قانون نافذ کیا گیا۔ بیف ڈیلروں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ان کے قبضہ سے مویشیوں کو اس وقت ہی ضبط کرنا شروع کردیا تھا جب کہ ابھی قانون نافذ نہیں کیا گیا تھا۔

Beef ban: Mumbai HC asks govt to give time to abattoirs to dispose livestock

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں