احمدآباد خصوصی پوٹا عدالت سے حیدرآبادی بےقصور نوجوان جیلانی کی ضمانت منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-29

احمدآباد خصوصی پوٹا عدالت سے حیدرآبادی بےقصور نوجوان جیلانی کی ضمانت منظور

دہشت گردی جیسے سنگین الزامات میں ملوث کئے گئے بے قصور مسلم نوجوانوں کی رہائی اور انہیں انصادف دلانے کی کوششوں میں سر گرم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے لیگل سیل کو ایک اور کامیابی حاصل ہوئی ۔ ملک میں دہشت گردانہ کارروائی انجام دینے، دہشت گردی کی تربیت دینے غیر قانونی اسلحہ فراہم کرانے اور ملک سے بغاوت کرنے جیسے سنگین الزامات میں گرفتار حیدرآباد کے رہنے والے بے قصور مسلم نوجوان سید کرمانی عبدالقادر جیلانی کی احمد آباد کی خصوصی پوٹا عدالت سے ضمانت منظور ہوگئی ۔ اس معاملے کی پیروی سپریم کورٹ کے معروف وکیل محمود پراچہ کی قیادت میں سینئر کریمنل وکیل تہور خان پٹھان ، الیاس پٹھان اور دلاور خان کررہے ہیں۔ واضح ہو کہ سید کرمانی عبدالقادر جیلانی کو گجرات پولیس نے2003میں پوٹا کے تحت گرفتار کیا تھا اور اس پر ہرین پانڈیا کے قتل کی سازش رچنے، دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے اور ان کا منصوبہ تیار کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کئے تھے ۔ جس کے تحت ضمانت ملنا مشکل ہی نہیں ناممکن نظر آرہا تھا ۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا لیگل سیل اس کیس کی پیروی کررہا تھا اور س کی مسلسل کوششوں کے نتیجہ میں سید کرمانی عبدالقادر جیلانی کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی ہے۔ رہائی کے بعد سید کرمانی عبدالقادر جیلانی نے جمعیۃ علماء کے مولانا قاری سید محمد عثمان ، جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی ، مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی، جنرل سکریٹری مولانا محمد ذاکر قاسمی، معین اشرف، مولانا سہیل احمد قاسمی وغیرہ کا شکریہ ادا کیا ۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ ندیم صدیقی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدالت پر اعتبار ہے اور یہ فیصلہ اس بات کی نظیر ہے کہ بے قصوروں کے معاملے میں عدالت منصفانہ فیصلہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوٹا جیسے قانون سے ضمانت پر رہائی سے جمعیۃ علماء کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس قسم کے سنگین اور حساس معاملات میں بہتر نتائج آئیں گے کیونکہ ملک کی عدلیہ غیر جانبدار ہے جس کے سبب مسلمانوں کا اس پر اعتماد بحال ہے ۔

Ahmedabad special POTA court granted bail to Hyderabad innocent youth Jilani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں