عامی آدمی پارٹی - اختلافات دور کرنے کے لئے بات چیت ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-27

عامی آدمی پارٹی - اختلافات دور کرنے کے لئے بات چیت ناکام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی کا بحران آج رات اس وقت مزید گہرا ہوگیا جب اروند کجریوال کے کیمپ اور ان کے حریفوں کے درمیان مفاہمت کی بات چیت ناکام ہوگئی اور ایسی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ پارٹی کے بانی یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کو ہفتہ کے دن قومی کونسل کی میٹنگ میں جماعت سے باہر کردیاجائے گا ۔ بھوشن اور یادو نے کھلے خط میں کجریوال پر الزام لگایا کہ انہوں نے قومی عاملہ سے ان کے استعفیٰ حاصل کرنے کے لئے ہی بات چیت شروع کی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے ان کی جانب سے اٹھائے گئے کسی بھی مسئلہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ کجریوال کے قریبی قائدین نے کہا کہ بات چیت ناکام ہوگئی ہے کیونکہ بھوشن اور یادو دہلی کے چیف منسٹر کو پارٹی کے قومی کنوینر کے عہدہ سے ہٹانے کے اپنے فیصلہ پر اٹل ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان دونوں کے ساتھ مزید کوئی بات چیت نہیں ہوگی ۔ کجریوال کے وفادار سمجھے جانے والے اشیش کھیتان نے کہا کہ بھوشن اور یادو کے ساتھ مزید کوئی بات چیت نہیں ہوگی اور یہ مسئلہ ہفتہ کو قومی کونسل کے اجلاس میں اٹھایاجائے گا ۔ کھیتان نے کہاکہ یادو اور بھوشن کی جانب سے پارٹی قیادت کو لکھے گئے تمام خطوط قومی کونسل میں پیش کئے جائیں گے جس کے بعد ان کے حشر کے بارے میں کوئی فیصلہ کیاجائے گا ۔ ایسی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اس اجلاس میں بھوشن اور یادو کو برطرف کردیاجائے گا۔

AAP reconciliation talks fail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں