یمن میں نماز جمعہ کے دوران 4 بم حملے - 88 جاں بحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-21

یمن میں نماز جمعہ کے دوران 4 بم حملے - 88 جاں بحق

یمن میں آج ہوئے چار بم حملوں میں کم از کم88افراد جاں بحق اور زائد از100زخمی ہوگئے۔ ژنہوا نیوز ایجنسی کے بموجب باخبر ذرائع نے بتایا کہ آج صنعاء میں نماز جمعہ کے دوران دو خود کش بم برداروں نے دو مساجد پر حملے کئے ۔ کم از کم55افراد جاں بحق ہوگئے ۔ صوبہ سعدہ کے شیعہ حوثی گڑھ میں ایک سرکاری عمارت اور ایک مسجد پر دیگر دو بم حملوں میں کم از کم 33افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ایک سیکوریٹی عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ صنعاء میں بم برداروں نے شیعہ حوثی گروپ کے زیر کنٹرول دو مساجد پر دھماکے کئے ، بیشتر مہلوکین حوثی گروپ کے حامی تھے۔ پہلا حملہ جنوب مشرقی صنعاء میں بدر مسجد پر ہوا جس میں35افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جبکہ دوسرا بم حملہ شہر کے شمال مشرقی حصہ میں واقع ہشوش مسجد پر ہوا جہاں کم از کم بیس افراد جا بحق ہوگئے۔ گزشتہ7جنوری کو ایک پولیس اکیڈیمی پر القاعدہ کے کاربم حملہ میں کم از کم پچاس کیڈٹس ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے بعد سال حال صنعامیں یہ دوسرا بم حملہ تھا۔ صوبہ سعدہ میں آج دوپہر کم از کم 15حوثی جنگجو اس وقت جاں بحق ہوگئے جب سعدہ سٹی میں ایک سرکاری عمارت پر بم حملہ ہوا ۔ ایک حوثی ذریعہ نے ژنہوا کو یہ بات بتائی ۔ سعدہ سٹی کی ایک مسجد میں ایک خود کش بم بردار نے نماز جمعہ کے دوران خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ۔ اس حملہ میں کم از کم18افراد جاں بحق ہوگئے جس میں بیشتر حوثی گروپ کے ارکان تھے۔ ان دو علیحدہ علیحدہ حملوں میں بیسیوں افراد زخمی ہوگئے۔ یہاں یہ تزکرہ بے جا نہ ہوگا کہ شیعہ حوثہ گروپ نے گزشتہ ستمبر میں صنعاء کا کنٹرول حاصل کیا تھا اور وسطی و نیز جنوبی علاقوں میں اس گروپ کو با اثر سنی قبلیوں اور ستنی غلبہ کے حامل القاعدہ نیٹ ورک سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے ۔ کل ہی قبائلی مسلح گروپ نے جنوبی شہر بندرگاہ عدن میں حوثی گروپ کی تائید کے حامل سیکوریٹی فورسس کے خلاف لڑائی کی ۔ اس میں کم از کم15افراد جاں بحق ہوگئے۔ عدن اس ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے ۔ اے ایف پی کے بموجب یمن کے دارالحکومت صنعاء میں آج تین خود کش بم حملوں میں کم از کم 55افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ان مساجد میں شیعہ حوثی مسلح گروپوں کے ارکان شریک نماز تھے۔ شہر پر ان مسلح ارکان کا کنٹرول ہے ۔ بیسیوں افراد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک بم دھماکہ جنوبی صنعاء میں مسجد بدر کے اندر ہوا ۔ دوسرا دھماکہ باب الداخلہ پر ہوا اور مصلیان ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ تیسرا خود کش بم حملہ مسجد البشوش شمالی صنعاء میں ہوا ۔ حوثی مسلح گروپ کے المسیر ا ٹی وی نے بتایا کہ صنعاء کے ہسپتالوں نے خون کے عطیے فوری دینے کے لئے عوام سے اپیل کی ہے ۔ فوری طور پر کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ گزشتہ جنوری میں صنعا میں ایک پولیس اکیڈیمی پرکار بم حملہ میں چالیس افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ افراد (رکروٹس) اپنے ناموں کے اندراج کے لئے قطار بنائے کھڑے تھے ۔ اس حملہ کے بعد آج ہوئے حملے سب سے زیادہ ہلاکت خیز تھے۔ یمن کے اعلیٰ سیکوریٹی اداروں نے القاعدہ کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔

88 killed in four bombings in Yemen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں