امریکہ کے شمالی علاقے شدید برفباری کی زد میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-18

امریکہ کے شمالی علاقے شدید برفباری کی زد میں

واشنگٹن
یو این آئی
امریکہ کیش مالی علاقوں کے علاوہ واشنگٹن میٹرو پولیٹن علاقہ میں پیر کی شام شدید برفباری ہوئی جس کے نتیجہ میں عام معمولات زندگی سخت متاثر ہوئے۔ واشنگٹن کے علاوہ ورجینیا اور میری لینڈ سمیت مشرقی ساحلی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی جس کے باعث عام معمولات زندگی سخت متاثر ہوئے ۔ دوسری جانب نیویارک ، بوسٹن، نیو انگلینڈ ، کینٹکی، مئین کے شمالی خطہ میں آج پھر شدید برفانی طوفان آیا ۔ اس سے قبل ہفتہ اور اتوار کو بھی علاقہ میں برفباری ہوچکی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کو نیو انگلینڈ کے شمالی علاقہ میں برفانی طوفان آیا جس کے باعث خطہ ایک سے ڈیڑھ فٹ برف تلے دب گیا جہاں جاری موسم سرما کے دوران پہلے ہی7 فٹ برف پڑ چکی ہے ۔ میسا چیوسٹس کے گورنر چارلی بیکر نے کہا کہ برفباری نے ایک بار پھر اپنا جلوہ دکھایا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک فٹ برف کی تہہ جم گئی۔ بوسٹن میں بھی ایک فٹ سے زیادہ برف پڑی جب کہ جاری سردی کے موسم میں اب تک7 فٹ برف پڑ چکی ہے اور علاقہ کے لئے سال1872کے بعد فروری کا مہینہ تاریخ کا سرد ترین مہینہ ثابت ہوا۔ پچھلے ریکارڈ کے مطابق جنوری2005ء میں بوسٹن میں 43.3انچ برف پڑی تھی جب کہ اس سال اب تک58.5انچ برف پڑ چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق علاقے کا مطلع برفانی نظام کی زد میں ہے اور رات کو ایک وسیع علاقہ میں پھر برفباری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اس سے قبل پیر ہی کے دن امریکہ کے قومی موسمیاتی ادارہ نے پیش قیاسی کی تھی کہ مشرقی امریکہ کے ایک بڑے علاقہ کو جاری موسم سرما کے ایک بڑے طوفان کا سامنا ہوگا جس دوران15سے 30سینٹی میٹر تک برفباری ہوسکتی ہے ۔ برفباری کے ساتھ ساتھ ان دنوں فروری کے وسط میں مشرقی امریکہ کو شدید سردی کا سامنا ہے ۔ پیر کو ملک کے سرد ترین مقامات میں نیویارک کا شہر واٹر ٹاؤن تھا، جہاں درجہ حرارت منفی36.6سلسییس ریکارڈ کیاگیا جب کہ نیو ہیمپشائر کے علاقہ ماؤنٹ واشنگٹن میں منفی درجہ حرارت 37ڈگری رہا ۔ وفاقی دارالحکومت واشنگٹن میں30سینٹی میٹر برفباری کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ موسم سرما کے دوران بوسٹن میں اب تک 2.4میٹر تک برفباری ہوچکی ہے جب کہ جمعرات تک مزید20سینٹی میٹر برفباری کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ شہر شکاگو میں شدید برفباری کے بعد ایک نہیں پوری38گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ۔امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں طوفان کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ برفباری کے بعد شکاگو کے کینیڈی ایکسپریس وے پر پھسلن کی وجہ سے38گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ شدید برف پڑنے کے بعد نیویارک اور بوسٹن میں ڈیڑھ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے60میل فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے ۔

snow falls on northern U.S

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں