واشنگٹن میں ایک مندر پر شر پسندی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-18

واشنگٹن میں ایک مندر پر شر پسندی

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک ہندو مندر پر شر پسندی کی گئی اور سواستک اسپرے پینٹس سے سواستک اتارتے ہوئے ایک نفرت انگیز پیام اس مندر کی دیوار پر لکھا گیا۔ مہا شیوراتری سے عین قبل پیش آئے اس تازہ ترین واقعہ سے ہندو فرقہ کوصدمہ پہنچا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ نامعلوم شر پسندوں نے سیاٹل میٹرو پولیٹن علاقہ میں واقع ایک مندر کی دیوار پر اسپرے کے ذریعہ سواستک کا نشان بنایا اور ’’باہر نکل جاؤ‘‘ پینٹ کیا۔ سنو ہومش کاؤنٹی کے شریف کا محکمہ گزشتہ شنبہ کو پیش آئے اس واقعہ کی تحقیقات کررہا ہے اور اس واقعہ کو معاندانہ اور موجب ہراسانی بتاتا ہے ۔ کاؤنٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے کل مندر کامعائنہ کیا ۔ صدر نشین ہندو ٹمپل بورڈ آف ٹرسٹیز وکلچرل سنٹر نیتا نرنجن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ’’امریکہ میں تو اس قسم کی شر پسندی نہیں ہونی چاہئے ۔ باہر نکلو بولنے والے آپ ہوتے کون ہیں؟ یہ تو امیگرینٹس کا ایک ملک ہے ‘‘ اس مندر میں آج مہا شیو راتری منائی جارہی ہے ۔ یہ تہوار لارڈ شیواسے منسوب ہے۔ نرنجن نے بتایا کہ ’’چند سال قبل اس مندر کی ایک بیرونی دیوار پر کچھ پینٹنگ کی گئی تھی لیکن ہم نے یہ بات نفاذ قانون کے حکام کے علم میں نہیں لائی کیونکہ کوئی تحریر درج نہیں تھی بلکہ اسپرے سے کچھ پینٹنگ کی گئی تھی ۔ ہمیں پتہ نہیں کہ ایسی حرکت کس نے کی تھی ۔‘‘تھوڑے سے فاصلہ پر واقع ایک عمارت اسکائی ویوجونیر ہائی(اسکول) پر بھی سواستک اور چند الفاظ’’مسلمس باہر جاؤ‘‘ درج کئے گئے تھے ۔ گزشتہ تقریباً20برس سے یہ مندر موجود ہے۔ اس کے دوسرے مرحلہ کی تعمیر حال ہی میں شروع ہوئی ہے ۔ اسی دوران ہندو امریکن فاؤنڈیشن (ایچ اے ایف) نے مندر پر اتارے گئے نشان اور تحریر کے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ ہندوا مریکن فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر برائے سرکاری تعلقات جئے کنسارا نے کہا کہ’’ جرم ایک اہم ہندو فیسٹیول کے آغاز سے پہلے ہوا ہے ۔ نفاذ قانون کی ایجنسیاں اس واقعہ پر خصوصی توجہ دیں اور ایسے واقعات کا سد باب کریں ۔ بوتھل سٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تحقیقات سے ہم مطمئن ہیں ۔ ایچ اے ایف ، شہر کی مقامی آبادی، ریاست اور وفاقی عہدیداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ اشرار کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ‘’‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ امریکہ میں ہندو مندروں پر غنڈہ گردی کے واقعات میں ایک عرصہ سے اضافہ ہوتارہا ہے ۔ سال گزشتہ لوڈاؤن کاؤنٹی ، ورجینیا ، منرو، جارجیا میں ہندو مندروں پر شر پسندی کے واقعات پیش آئے تھے ۔ گزشتہ یکم جنوری کو امریکی محکمہ انصاف نے حکم دیاتھا کہ جرائم کی رپورٹنگ سے متعلق تمام فارموں میں زمرہ’’ مخالف ہندو‘‘ کو شامل کیاجائے اور مخالف ہندو اقدامات کو نفرت انگیز جرائم کے امکانی محرکات میں شامل کیاجائے ۔ ایچ اے ایف کے رکن بورڈ پدماکپہ نے کہا کہ’’عبادت گاہیں وہ مقامات ہیں جہاں لوگ محفوظ و مامون رہ سکیں اور دوسروں کی خدمت کا جذبہ ان میں پیدا ہو ۔ اس کے برعکس حال ہی میں سیاٹل میں ہندو مندر اور ہیوسٹن میں ایک مسجد میں آتشزنی سے مختلف فرقوں کے مابین خوف اور بے اعتمادی پیدا ہوتی ہے ۔

Hindu temple vandalised in US

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں