ناگپور میں اسد اویسی کی آمد کو روکنے زعفرانی تنظیموں کی کوششیں ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

ناگپور میں اسد اویسی کی آمد کو روکنے زعفرانی تنظیموں کی کوششیں ناکام

ناگپور
اعتماد نیوز
مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی کی آمد کو روکنے کی دائیں بازو کی زعفرانی تنظیموں کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں ۔ صدر مجلس ہفتہ28فروری کو ناگپور کے بودھ پارک آسی نگر زون ٹیکہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرنے والے ہیں۔ ناگپور سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے تین ارکان اسمبلی کے علاوہ شیو سینا کی سٹی یونٹ ، بجرنگ دل، مہاراشٹرا نو نرمان سمیتی ناگپور اور دیگر کئی زعفرانی تنظیموں کے نمائندوں نے آج کمشنر پولیس ناگپور کے کے پاٹھک سے ملاقات کی اور انہیں ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے صدر مجلس کی آمد کو روکنے اور جلسہ کی دی گئی اجازت کو منسوخ کرنے کے مطالبات کئے۔ کمشنر پولیس نے ان تنظیموں اور جماعتوں کے نمائندوں پر واضح کیا کہ مجلس کی ناگپور یونٹ کی جانب سے جلسہ کی اجازت کے لئے درکار قانونی طریقہ کار کے تحت درخواست دی گئی ہے۔ زعفرانی تنظیموں کے نمائندوں نے یہ استدلال پیش کیا کہ مہاراشٹرا کے علاوہ کرناٹک میں بھی دفعہ144کے تحت مجلس کے قائدین کے دورہ پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ ان تنظیموں و جماعتوں کے نمائندوں نے اس اندیشہ کا اظہار کیا کہ مجلسی قائدین کو جلسہ کی اجازت دینے سے فرقہ وارانہ منافرت پھیل سکتی ہے ۔ کمشنر سٹی پولیس نے ان دلائل کو رد کرتے ہوئے کہا کہ نظم و ضبط کی برقراری کے لئے پولیس تمام ضروری اقدامات کررہی ہے ۔ اس جلسہ میں شرکت کے لئے حیدرآباد سے مجلس کے ارکان اسمبلی ممتا از احمد خاں اور محمد معظم خاں بھی ناگپور پہنچنے والے ہیں ۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں مجلس کے ارکان امتیاز جلیل اور وارث پٹھان بھی شرکت کریں گے ۔ مجلس کی ناگپور یونٹ کے صدر محمد سلیم اور جنرل سکریٹری شجاع الرحمن نے بتایا کہ اس جلسہ میں کئی دلت قائدین اور پسماندہ طبقات کے نمائندہ بھی شرکت کریں گے ۔ اسی دوران پی ٹی آئی کے مطابق مجلس کے مقامی لوکل یونٹ کے ترجمان شکیل پٹیل نے کہا کہ شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تنظیم کو مستحکم کرنے کے لئے یہ جلسہ عام منعقد کیاجارہا ہے ۔

saffron organizations failed to prevent entry of owaisi in Nagpur

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں