سرکاری ملازمین کوآر ایس ایس میں شامل ہونے کی اجازت - چھتیس گڑھ حکومت کا اعلامیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

سرکاری ملازمین کوآر ایس ایس میں شامل ہونے کی اجازت - چھتیس گڑھ حکومت کا اعلامیہ

رائے پور
پی ٹی آئی
حکومت چھتیس گڑھ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جس کی روسے اس کے ملازمین آر ایس ایس میں شامل ہوسکتے ہیں اور اس کی شاکھاؤں میں شرکت کرسکتے ہیں ، ایک تنازعہ پیدا کردیا ہے ۔ کانگریس نے حکومت کی اس اقدام پر سخت تنقید کی ہے اور اعلامیہ کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جنرل اڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے اسپیشل سکریٹری ڈی ڈی سنگھ نے بتایا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاست نے اس امتناع کو منسوخ کردیا ہے جو غیر منقسم مدھیہ پردیش میں عائد تھا ، جس کے تحت سرکاری ملازمین پر آر ایس ایس کی سر گرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی تھی۔ کانگریس نے حکومت کے اس فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شرمناک غیر قانونی حکم ہے ۔ آر ایس ایس واضح طور پر ایک سیاسی تنظیم ہے اور ہندو راشٹریہ کے قیام میں یقین رکھتی ہے جو کہ دستور ہند کے مغائر ہے ۔ دہلی میں کانگریس کے ترجمان سندیپ دکشت نے کہا کہ دستور سے وفاداری کا عہد کرنے والا سرکاری ملازم کس طرح ایسی تنظیم کارکن بن سکتا ہے جس کے بنیادی اصول دستور کے خلاف ہیں۔ ایک اور ترجمان رندیپ سرجے والا نے کاہ کہ یہ سرکاری ملازمین کو سیاسی رنگ میں رنگنے کی شرمناک کوشش ہے اور نوکر شاہی کے آزاد رہنے کی دستوری اسکیم پر ایک حملہ ہے۔ چیف منسٹر رمن سنگھ ، مایوسی کے عالم میں اپنی سیاسی بنیادوں کو مستحکم بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے تباہ کن نتائج بر آمد ہوں گے اور انتظامیہ غیر جانبدارنہیں رہے گا ۔ انڈین نیشنل کانگریس ایسے فیصلوں کی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت کے احکام فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ سابق چیف منسٹر اجیت جوگی نے کہا یہ ایک غیر دستوری اقدام ہے ۔ اس کی وجہ سے سرکاری ملازمین کے نظریات متاثر ہوں گے ۔ و شاکھاؤں میں شرکت کریں گے اور غیر جانبدارانہیں رہیں گے ۔ رائے پور میں قانون ساز اسمبلی کے قائد اپوزیشن ٹی ایس سنگھ دیو نے کہا کہ اس حکم کی وجہ سے سرکاری ملازم اور سیاسی جماعت میں فرق ختم ہوجائے گا ۔ آر ایس ایس غیر سیاسی اور سماجی خدمت کرنے والی تنظیم ہونے کا دعویٰ کرتی رہی ہے لیکن ہر شخص اس بات سے واقف ہے کہ وہ پس پردہ بی جے پی حکومت چلارہے ہیں ۔ اسی لئے ایسی تنظیم سے سرکاری ملازمین کی وابستگی جمہوری عمل کو نقصان پہنچائے گی ۔

Chhattisgarh: Government staff may join RSS; no service rules under violation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں