برقی شرحوں میں کمی اور مفت پانی اسکیم پر جلد عمل آوری - اروند کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-21

برقی شرحوں میں کمی اور مفت پانی اسکیم پر جلد عمل آوری - اروند کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے ایک ہفتہ پہلے عہدہ سنبھالنے والے اروند کجریوال نے آج کہا کہ وہ برقی شرحوں میں کمی لائیں گے اور بہت جلد مفت پانی کی اسکیم کا بھی آغاز کریں گے۔ عام آدمی پارٹی نے انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیاتھا۔ کجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت نے برقی اور پانی سے متعلق مسائل پر ایک بلوپرنٹ تیار کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی کے وعدہ کے مطابق دہلی کو وائی فائی سٹی بنانے میں کم سے کم ایک سال لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ برقی اور پانی کا مسئلہ سب سے پہلے حل کرنا ہے، بہت جلد لوگوں کو یہ خوشخبری سننے کو ملے گی کہ برقی اور پانی کی شرحوں میں کمی لائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے49روزہ حکومت کے دوران جو فیصلے اور اقدامات کئے تھے اس پر بھی عمل کیاجائے گا ۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے فوری بعد برقی بلوں میں 50فیصد کی کٹوتی کردی جائے گی اور برقی سربراہ کرنے والی تمام کمپنیوں کی سی اے جی آڈٹ کے بعد رپورٹ کی بنیاد پر برقی شرحوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ کجریوال نے کہا کہ شہر کے لوگوں نے حکومت سے کافی توقعات وابستہ کررکھی ہیں اور ان توقعات کو پورا کیاجائے گا ۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے منشور میں ہر گھر کو ماہانہ20ہزار لیٹر مفت پانی سربراہ کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا ۔ سابق عام آدمی پارٹی حکومت نے بھی پانی کی مفت سربراہی کی اسکیم شروع کی تھی ، لیکن حکومت کے مستعفی ہوجانے کے بعد یہ اسکیم بند کردی گئی تھی۔ کجریوال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہر کو وائی فائی بنانے پر کام کیاجارہا ہے، میرے بچے بھی پوچھ رہے ہیں کہ وائی فائی کب آئے گا؟ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے وقت لگے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ رشوت خوروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ تاہم یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے رشوت خوری میں خود بخود کمی آگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم انسداد رشوت ستانی کے لئے ایک ہیلپ لائن بنانے پر غور کررہے ہیں ۔ جب دو چار لوگوں کو سزا ہوجائے گی تو رشوت خود بہ خود بند ہوجائے گی ۔ کجریوال نے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کرنے سے پہلے کچھ کہنا درست نہیں ہے ۔

Good news very soon on power tariff cut, free water: Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں