راز کی رپورٹ کا حصہ منظر عام پر لانے اوباما نظم و نسق کا غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-07

راز کی رپورٹ کا حصہ منظر عام پر لانے اوباما نظم و نسق کا غور

واشنگٹن
رائٹر
اوباما نظم و نسق 11ستمبر2001کو امریکی شہروں پر حملوں سے متعلق ایوان نمائندگان کی تحقیقاتی رپورٹ کے ان حصوں کو صیغہ راز سے ہٹا دینے یا منظر عام پر لانے کے بارے میں غور کررہاہے جو ہنوز صیغہ راز میں تھے۔ رپورٹ میں اس بات کی جانچ کی گئی ہے کہ اسلامی عسکریت پسندوں کو سعودی عرب ( کی بعض شخصیتوں) کی تائید حاصل تھی ۔ رائٹر نے یہ بات بتائی ۔ القاعدہ کے سابق رکن زکریا موسوی نے جو جیل میں ہے، اس ہفتہ داخل کردہ شہادتی بیانات میں بعض انکشافات کئے ہیں۔ اس کے بعد رپورٹ کے28صفحات پر مشتمل حصہ کے بارے میں دلچسپی بڑھ گئی ہے ۔ موسوی نے کہا ہے کہ زائداز12سعودی شخصتیوں نے1990کے دہے کے اواخر میں اس کے (موسوی) کے گروپ کو عطیات دئیے تھے۔ دوسری جانب سعودی عہدیداروں نے کل ہی اس اطلاع کی تردید کردی ہے ۔ دریں اثناء وائٹ ہاؤز کے ترجمان جے ارنسٹ نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ایوان نمائندگان نے سال گزشتہ جو درخواست کی تھی اس کے بعد انٹلیجنس عہدیدار اس فیصلہ پر نظر ثانی کرنے پر غور کررہے ہیں جس کی رو سے 28صفحات کو صیغہ راز میں رکھاگیا تھا ۔ ارنسٹ نے یہ نہیں بتایا کہ نظر ثانی کا کام کب مکمل ہوگا ۔ انہوں نے موجودہ امریکہ۔ سعودی تعلقات کے بارے میں کسی بھی فکر مندی کو رد کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ’’امریکہ اور سعودی عرب ایک زبردست انسداد دہشت گردی ربط رکھتے ہیں۔ یہ ربط، ہمارے وسیع اور فوجی اشتراک کا اہم عنصر ہے ۔‘‘
موسوی نے بتایا کہ1990کے دہے کے اواخر سے عطیات دہندگان کی جو فہرست اس نے القاعدہ لیڈر اسامہ بن لادن کے دور میں مرتب کی تھی اس میں بعض’’ انتہائی مشہور‘‘ سعودی عہدہ دار بشمول پرنس ترکی الفیصل السعود ، سعودی عرب کے سابق انٹلی جنس چیف شامل ہیں ۔ امریکہ کے موجودہ اور سابق عہدیدار جو رپورٹ کے راز کے حصہ سے واقف ہیں، اس کو جاری کرنے یا منظر عام پرلانے کے بارے میں منقسم رائے رکھتے ہیں ۔ رپورٹ کے اس حصہ میں بتایا گیا ہے کہ بعض سعودی خاندان اور گروپس، دہشت گردی کے لئے مالیہ کی فراہمی میں ملوث تھے ۔ بعض عہدیداروں کا خیال ہے کہ رپورٹ کے حصہ کو شائع نہیں کیاجانا چاہئے کیونکہ اس میں ایسا مواد ہے جس کے بارے میں تفصیلی تحقیقات نہیں ہوئی ہے جب کہ بعض دیگر عہدیداروں نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اس رپورٹ کے صفحات کو راز میں رکھنے میں کوئی معقولیت نہیں ہے۔ رپورٹ سے آگاہ افراد کا خیال ہے کہ راز کے حصہ میں موجود بیشتر مواد، ایف بی آئی سے ملا ہے ۔

US considers declassifying report on Saudi funding of al Qaeda

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں