سوائن فلو ٹسٹ کے لئے ملک میں لیبارٹریز کی کمی کا اعتراف - وزیر صحت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-28

سوائن فلو ٹسٹ کے لئے ملک میں لیبارٹریز کی کمی کا اعتراف - وزیر صحت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج یہ اعتراف کیا ہے کہ سوائن فلو کے ٹسٹ کے لئے لیباریٹریز کی قلت ہے جس کی وجہ سے اب تک965جانیں گئی ہیں اور کہا کہ ہر ریاست میں ایسی سہولتوں کے قیام کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ وزیر صحت جے پی نڈا نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے لوک سبھا کو بتایا کہ سوائن فلو کے ٹسٹ کے لئے ہمارے پاس21لیبارٹریز ہیں لیکن یہ کافی نہیں ہیں ۔ ہم ملک کی ہر ریاست میںH1N1کے لئے لیبارٹیریز قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس کے لئے مالی گنجائش فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال سوائن فلو کی وجہ سے965افراد فوت ہوئے ہیں تاہم عوام کو دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ انہیں چوکس رہنا چاہئے ۔ مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا کہ سوائن فلو سے متاثرہ افراد کے علا ج کے لئے دواؤں کی کوئی قلت نہیں اور یہ سرکاری ہاسپٹلس وڈسپنسریز میں مفت دستیاب ہیں۔ وزارت صحت نے موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی جب کہH1N1وائرس سرگرم ہونا شروع ہوتا ہے اقدامات شروع کردیے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نومبر میں ہی ریاستی حکومتوں کی مدد سے ڈاکٹروں ،د واؤں ،ٹسٹ کی سہولتوں اور علیحدہ وارڈس کے قیام کے لئے اقدامات شروع کردئیے تھے ۔ نڈا نے بتایا کہ انہوں نے شخصی طور پر کئی چیف منسٹرس بشمول تلنگانہ ، مدھیہ پردیش ،چھتیس گڑھ ، راجستھان اور بہار کے چیف منسٹرس سے بات چیت کی ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ اگر کوئی شخص سوائن فلو کا ٹیکہ لے لیتا ہے تو اس بات کی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ وہ محفوظ رہے گا ۔ شخصی تحفظ جیسے ماسک کا استعمال اور صفائی ستھرائی بھی ضروری ہے ۔ نڈ انے بتایا کہ سوائن فلو کی علامات جیسے ہلکا بخار، کھانسی ، وغیرہ عام ہیں تاہم بیماری کا پتہ چلنے کے فوری بعد ٹسٹ کے نتائج کا انتظام کئے بغیر دوا کا استعمال کرنا چاہئے ۔ وزارت صحت کے ذرائع نے کل بتایا تھا کہ سوائن فلو سے متاثرہ افراد کی تعداد17ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔

Swine flu claims 965 lives; govt admits shortage of labs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں