بنگالی قائد سرنجوئے بوس راجیہ سبھا اور ترنمول کانگریس کی رکنیت سے مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-06

بنگالی قائد سرنجوئے بوس راجیہ سبھا اور ترنمول کانگریس کی رکنیت سے مستعفیٰ

کولکتہ
یواین آئی
مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس نے آج کہا کہ سرنجوئے بوس کا پارٹی اور رکنیت سے استعفیٰ ان کا شخصی فیصلہ ہے۔ ترنمول کانگری کے رکن راجیہ سبھا و قومی ترجمان ڈیرک اوبرائن نے کہا یہ سرنجوئے کی شخصی پسند کا معاملہ ہے اور ان کا اختیار تمیزی ہے ۔ یہ ان کا جمہوری حق بھی ہے۔ واضح رہے کہ بنگالی روز نامہ’’سمبد پرتی دن‘‘ کے ایڈیٹر سرنجوئے بوس نے پارٹی کی صدر نشین و چیف منسٹر ممتا بنرجی کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ وہ پارٹی کی ابتدئای رکنیت کے ساتھ ساتھ راجیہ سبھا کی رکنیت سے بھی فوری مستعفیٰ ہورہے ہیں ۔ بوس نے ترنمول کانگریس کے بنگالی روزنامہ’’ جاگو بنگلہ‘‘ کی ادارت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ۔ ڈیرک اوبرائن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرکز میں بر سر اقتدار جماعت کچھ عرصہ سے بوس پر زبردست دباؤ ڈالتی رہی ہے ۔ انہیں کل ہی ضمانت پر رہا گیا گیا اور آج انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ کیا یہ دباؤ کسی تال میل میں بدل گیا ہے؟ ہمیں خوشی ہے کہ کل انہیں آزادی ملی ۔ انہوں نے کہا کہ بوس کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی راجیہ سبھا نشست کو آل انڈیا ترنمول کانگریس پر کرے گی ۔ ہم جلد ہی پارٹی کے ایک رکن کے نام کا اعلان کریں گے جو راجیہ سبھا کے ممبر بنیں گے ۔ قبل ازیں موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب ترنمول کانگریس کے رکن راجیہ سبھا سرنجوئے بوس نے آج پارٹی رکن پارلیمنٹ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ شاردا چٹ فنڈ اسکام سے متعلق کیس میں انہیں کل ہی ضمانت ملی تھی ۔ سی بی آئی کی جانب سے گرفتاری کے بعد انہوں نے 75دن جیل میں گزارے ۔ انہوں نے آج یہاں صحافت کے لئے ایک بیان جاری کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے اور ترنمول کی اتبدائی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ ڈسٹرکٹ اور سیشن عدالت نے انہیں کل ضمانت منظور کی تھی ۔

Saradha scam: Srinjoy Bose quits TMC, RS seat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں