عشرت جہاں کیس - ونجارا اور پانڈے کو ضمانت منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-06

عشرت جہاں کیس - ونجارا اور پانڈے کو ضمانت منظور

vanzara-pandey
احمد آباد
پی ٹی آئی
گجرات کے متنازعہ آئی پی ایس عہدیداروں ڈی جی ونجارا اور پی پی پانڈے کو راحت پہنچاتے ہوئے سی بی آئی کی ایک عدالت نے آج انہیں عشرت جہاں اور دیگر 3افراد کے فرضی انکاؤنٹر کیس میں مشروط ضماتن دے دی، جنہیں ریاستی پولیس نے لشکر طیبہ کے دہشت گرد قرار دیا تھا ۔ خصوصی سی بی آئی جج کے آر اپادھیائے نے پانڈے اور ونجارا کی رہائی کے سلسلہ میں سخت شرائط عائد کرنے کے بعد ان کی ضمانت منظور کی۔ جج نے استغاثہ کے اعتراضات کو مسترد کریدیا جس نے یہ استدلال پیش کیا تھا کہ ونجارا کی رہائی سیول سوسائٹی(مہذب سماج) کے لئے ایک کھلا چیلنج رکھتی ہے کیوں کہ سٹی کرائم برانچ اور انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سربراہ کی حیثیت سے ان کی میعاد کے دوران ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا تھا ۔ اس عہدیدار پر گجرات میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی گئیا ور انہیں حکم دیا گیا کہ وہ ہر ہفتہ کے دن عدالت میں اپنی حاضری درج کرائیں ۔ ان پر ملک چھوڑنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ونجارا جب سبکدو ش ہوا تھا اس وقت وہ سہراب الدین شیخ، تلسی رام پرجاپتی اور عشرت جہاں کے فرضی انکاؤنٹر کیس کے سلسلہ میں جیل میں تھا۔ سہراب الدین شیخ کے فرضی انکاؤنٹر کیس کے سلسلہ میں24اپریل2007 کو گرفتاری کے بعد اس نے تقریباً8سال جیل میں گزارے ہیں ۔ اسے دو لاکھ روپے کا شخصی مچلکہ پیش کرنے پر رہا کیا گیا ہے۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے آج عشرت جہاں اور دیگر3افراد کے فرضی انکاؤنٹر کیس(2004) میں معطل آئی پی ایس عہدیدار پی پی پانڈے کو ضمانت دے دی ۔ انہوں نے18ماہ جیل میں گزارے۔ خصوصی جج کے آر اپادھیائے نے ایک لاکھ روے کا مچلکہ اور دو ضمانتی بانڈس پیش کرنے پر ایڈیشنل ڈائرکٹر آف پولیس پانڈے کو ضمانت دے دی ہے ۔ وہ جولائی2013میں خود سپردگی اختیار کرنے کے بعد سے جیل میں تھے۔ سی بی آئی عدالت نے پانڈے کو جو2004سے جرم کے ارتکاب کے وقت شہر کے جوائنٹ پولیس کمشنر کے عہدہ پر فائزتھ، یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اپنا پاسپورٹ داخل عدالت کردیں۔ ان سے کہا گیا کہ وہ پیشگی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جائیں۔ عدالت نے یہ بھی شرط رکھی کہ پانڈے ایسی کوئی حرکت نہیں کریں گے جس سے کیس کی تحقیقات میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہو۔ وہ کیس سے جڑے کسی بھی گواہ پر اثر انداز ہونے کی بھی کوشش نہیں کریں گے ۔

Former top cops Vanzara, Pandey get bail in Ishrat case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں