تلنگانہ میں 8 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-21

تلنگانہ میں 8 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع

بنگلورو
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
ہندوستان کی سب سے نوجوان ریاست تلنگانہ نے آج کہا ہے کہ وہ اپنی نئی صنعتی پالیسی کے تحت مختلف سرمایہ کاروں سے موصولہ20سے زائد درخواستوں کے پیش نظر ریاست میں تقریباً8000کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی توقع کرتی ہے ۔ واضح ہو کہ ریاست میں نومبر میں ایک نئی صنعتی پالیسی جاری کی تھی جسے’’تلنگانہ انڈسٹریل پراجکٹ اپروول اینڈ سیلف سرٹیفکیشن سسٹم‘‘(ٹی ایس، آئی پاس) کانام دیا گیا ہے۔ پالیسی کے تحت صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں سے یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ انہیں ایک مقررہ وقت میں تجاویز کی منظوری دی جائے گی جس میں رشوت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی ۔ پالیسی کے تحت6صنعتی راہداریوں کے علاوہ دیگر اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے ۔ تلنگاہن کے وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے آج بنگلورو میں ایرو انڈیا 2015کے موقع پر صحافیوں کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی کئی درخواستیں قطار میں ہیں جن پر غور کیاجارہا ہے ۔ نئی پالیسی کے تحت تمام بڑے پراجکٹس(200کروڑ سے زائد) کو 15دن کے اندر اندر منظوری دے دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اس بات کا بھی وعدہ کیا ہے کہ اگر متعلقہ محکمے مقررہ وقت کے اندر تجاویز کو منظوری دینے میں ناکام رہتے ہیں تو ان سے جواب طلب کیاجائے گا ۔ درخواستوں کے پیش نظر ریاست کو آنے والے سرمایہ سے متعلق پوچھے جانے پر جوپلی کرشنا راؤ نے بتایا کہ یہ مناسب نہ ہوگا کہ اس کے بارے میں انکشاف کیاجائے، تاہم انہوں نے بتایا کہ دفاع اور ایرواسپیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترجیحی منزل حیدرآباد ہے ۔ جوپلی کرشنا راؤ کے بموجب صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لئے حیدرآباد سہولت بخش مقام ہے کیونکہ ریاست کے زیادہ تر اضلاع سے یہ شہر صرف100تا120کلو میٹر دور پڑتا ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں کے برعکس تلنگانہ کے پاس 2.5لاکھ ایکر اراضی دستیاب ہے جو صرف اور صرف صنعتی اغراض کے لئے مختص کر کے رکھی گئی ہے ۔ یہ این آئی کے بموجب ملک کی سب سے نئی ریاست میں اپنے ہاں ایرو اسپیس انفراسٹرکچر کی بڑے پیمانے پر توسیع کے لئے اس شعبہ کی بڑی کمپنیوں کو ریاست میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔ بیگم پیٹ اور ایر پورٹ کے قریب ایرو اسپیس خصوصی معاشی زون کی توسیع بھی اس میں شامل ہے ۔ اے پی کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیدو کے دورہ کے صرف ایک دن بعد یلاہنکا ایر اسٹیشن میں منعقدہ ایرو انڈیا کے10ویں ایڈیشن میں شرکت کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ حیدرآباد میں موجود ایرو اسپیس خصوصی معاشی زون کو توسیع دے رہی ہے جو ملک کا پہلا خصوصی ایرواسسپیس پارک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد ایرواسپیس خصوصی معاشی زون، ملک میں ایرواسپیس کمپنیوں کے لئے پہلا خصوصی پارک ہے اور نئی صنعتوں کو گنجائش فراہم کرنے کے لئے ہم نے ایک ہزار ایکر فاضل اراضی کی بھی نشاندہی کی ہے ۔ جوپلی کے ہمراہ سینئر عہدیدار وں کی ایک ٹیم موجود ہے جو ایر شو کے دوران مختلف سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے ہمراہ سلسلہ وار اجلاس منعقد کر کے ایرواپیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی ریاست نے اپنی نئی صنعتی پالیسی جاری کردی ہے اور صرف ایک مال کے دوران20سے زائد نئی درخواستیں حکومت کو موصول ہوئیں جن کے ذریعہ7ہزار کرو ڑ تا8ہزا کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا امکان ہے ۔ سرمایہ داروں کو اس بات کا اطمینان ہونا چاہئے کہ انہیں حکومت سے ہر قدم پر تعاون حاصل ہوگا کیونکہ نئی صنعتی پالیسی میں اس کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ صرف15دن کے اندر بڑی سرمایہ کاری کے لئے منظوری حاصل ہوجائے گی جب کہ متوسط اور چھوٹی صنعتوں کی درخواستوں کے لئے ایک ماہ کا وقت دیاجارہا ہے ۔

Telangana sees Rs 8000 crore investments under new industrial policy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں