پی ٹی آئی
سورت کے ایک کپڑے کے تاجر نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے متنازعہ بندگلا سوٹ کے لئے1.21کروڑ روپے کی بولی لگائی ، جو انہوں نے امریکی صدر بارک اوباما کے گزشتہ ماہ دورہ ہند کے موقع پر زیب تن کیا تھا۔ اس سوٹ کی دھاریوں میں نریندر مودی کا نام کندہ کیا گیا ہے ۔ سہ روزہ نیلامی تقریب جس کا آج یہاں آغاز ہوا ، کے دوران نریندر مودی کا نیوی بلو سوٹ سب کی توجہ کا مرکز تھا ۔ مودی کی2ٹی شرٹس بھی نیلام کے لئے رکھی گئی ہیں جو کرکٹ آسٹریلیا نے نومبر میں دورہ آسٹریلیا کے موقع پر انہیں بطور تحفہ دی تھیں ۔ یہ ٹی شرٹس ان237کپڑوں میں شامل ہیں جو نیلام کے لئے رکھی گئی ہیں ۔ راجیش جو نیجہ نے اس کیلئے تحریری طور پر1.21کروڑ روپے کی بولی لگائی ۔ قبل ازیں ایک این آر آئی تاجرویرال چوکسی نے1.11کروڑ روپے کی بولی لگائی تھی ، جب کہ اس سے پہلے کپڑوں کے ایک اور تاجر سریش اگروال نے اس ٹوپیس سوٹ کے لئے ایک کروڑ روپے کی بولی لگائی تھی ۔ سب سے پہلی بولی سورت کے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ پنکج نے11لاکھ روپے لگائی جس کے چند منٹ بعد ریئیل اسٹیٹ کے ڈیلر راجیو اگر وال نے51لاکھ روپے کی بولی لگائی ۔ سریش اگروال نے کہا کہ میں نے ایک کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے ۔ یہ فلاحی کام ہے اور وزیر اعظم گنگا کی صفائی جیسے عظیم کام کے لئے یہ نیلام کررہے ہیں ، اسی لئے میں نے سوٹ خریدنے کا فیصلہ کیا ۔اس تنازعہ کو ایک نیاموڑ دیتے ہوئے این آرآئی گجراتی تاجربی ایرانی جنہوں نے درخشاں گجرات سمٹ میں شرکت کی تھی ، کہا کہ جب انہوں نے اپنے لڑکے کی شادی میں وزیر اعظم کو مدعو کرنے ان سے ملاقات کی تھی ، اس وقت انہیں یہ سوٹ بطور تحفہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انہوں(مودی) نے ان سے کہا تھا کہ وہ بے حد مصروف ہیں اور وہ اس سوٹ کا عطیہ دے دیں گے ۔ میں نے کہا تھا کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ۔ میں نے ان سے خواہش کی تھی کہ وہ میرے لڑکے کی شادی کے موقع پر بطور آشیرواد یہ سوٹ زیب تن کریں ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ اس سوٹ کی وجہ سے ایک ہلچل مچ گئی تھی اور سیاسی طوفان اٹھ کھڑا ہوا تھا ۔ اسے ان455اشیاء کے ساتھ نیلام کے لئے رکھا گیا ہے جو مودی کو اپنے تقریباً9ماہ طویل دور اقتدار میں بطور تحفہ حاصل ہوئی ہیں ۔ تاکہ وزیرا عظم کے اولوالعزم صاف گنگا مشن کے لئے فنڈس حاصل کئے جاسکیں ۔ سورت کے میونسپل کمشنر ملند توراو نے بتایا کہ سہ روزہ نیلام کے دوران455اشیاء ہراج کی جائیں گی جو وزیر اعظم کو بطور تحفہ حاصل ہوئی ہیں ۔ ان میں وہ سوٹ بھی شامل ہے جو انہوں نے گزشتہ ماہ صدر امریکہ بارک اوباما کے ساتھ ملاقات کے دوران زیب تن کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو تحفہ کے طور پر ملنے والی اشیاء قومی خزانہ ہیں نیلام سے حاصل ہونے والی رقم کلین گنگا مشن کے لئے استعمال کی جائے گی۔ نیلامی تقریب سورت میں سٹی لائٹس روڈ پر واقع ایس ایم سی سائنس کنونشن سنٹر میں منعقد کی جارہی ہے کیوں کہ دفتر وزیر اعظم( پی ایم او) نے شہر میں نیلام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ مودی نے گجرات میں اپنے دور چیف منسٹری میں انہیں تحفہ میں حاصل ہونے والی اشیاء کی نیلامی کا رجحان شروع کیاتھا اور یہ رقم لڑکیوں کی تعلیم کے لئے کنیا کیلاونی یوجنا کو عطیہ دی جاتی تھی۔ مودی نے دہلی کے حیدرآباد ہاؤز میں25جنوری کو اوباما کے ساتھ چوٹی بات چیت اور بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ سوٹ زیب تن کیا تھا۔
اسی دوران نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق کانگریس نے وزیر اعظم کے متنازعہ بند گلا سوٹ کو نیلام کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ نیلام نقصان پر قابو پانے کی مشق ہے ۔ پارٹی نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیلامی کا عمل فوری روک دیاجانا چاہئے اور اسے توشہ خانہ میں جمع کرادیاجانا چاہئے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری اجئے ماکن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ مودی کے سوٹ پہننے کے تین ہفتے بعد یہ کام کیاجارہا ہے اور یہ نقصان پر قابو پانے کی مشق ہے ، تاکہ وہ اپنی ساکھ کو بچا سکیں ۔ اجئے ماکن نے کہا کہ دس لاکھ روپے مالیتی سوٹ زیب تن کرنے پر نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں ان پر تنقیدیں ہوئی ہیں ۔ امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کے دوران یہ سوٹ زیب تن کرنے کے اقدام کو عوام نے ناپسند کیا ہے ، لہذا نقصان پر قابو پانے کی کوشش کے طور پر وزیرا عظم نے یہ کام کیا ہے ۔
Modi suit: Textile merchant's Rs 1.21 crore highest bid on Day 1
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں