پروین توگڑیا کے بنگلور میں داخلہ پر امتناع - نقض امن کا خدشہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-04

پروین توگڑیا کے بنگلور میں داخلہ پر امتناع - نقض امن کا خدشہ

بنگلور
یو این آئی
بنگلو سٹی پولیس نے گڑ بڑ کے اندیشہ کے تحت وی ایچ پی کے لیڈ ر پروین توگڑیا کو ویراٹ ہندو سماج اتسو کے موقع پر شہر میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ یہ پروگرام ہندو انتہا پسند تنظیم کی جانب سے 8فروری کو شہر میں منعقد کیاجارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تنظیم سماج اتسو کے دوران’گھر واپسی‘ پروگرام منعقد کرنے کی بھی کوشش کررہی ہے ۔ کمشنر پولیس ایم این ریڈی نے دستور کی دفعات144(2)،144(3)کے تحت ایک حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وشوا ہندو پریشد لیڈر کے شہر میں داخلہ پر امتناع امن اور نظم و ضبط کی برقراری کے پیش نظر عائد کیا گیا ہے ۔ یہ امتناع5تا11فروری 7دن کی مدت کے لئے رہے گا ، نیشنل کالج گراؤنڈ پر منعقد شدنی اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے ۔ آر ایس ا یس کے جنرل سکریٹری سریش بھیا جوشی اس جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ ویراٹ ہندوسماج اتسو پروگرام وی ایچ پی کی گولڈن جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں منعقد کیاجارہا ہے ۔ کمشنر پولیس نے اپنے6صفحات پر مشتمل حکم میں کہا کہ آئی ٹی دارالحکومت مختلف طبقات کے ملے جلے سماج پر مشتمل ہے اور حالیہ عرصہ میں بلگاوی ، منگلورو اور وجئے پور اضلاع میں فرقہ ورانہ کشیدگی کے واقعات پیش آئے ہیں ۔ منگلورو فرقہ وارانہ طور پر حساس سمجھاجاتا ہے ۔ ڈاکٹر توگڑیا سماج کے بعض طبقات کے خلاف اشتعال انگیز اور شعلہ بیان تقاریر کے لئے جانے جاتے ہیں جن سے دوسرے طبقات کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف کرناٹک کے بشمول مختلف ریاستوں میں کئی تعزیری مقدمات بھی درج ہیں۔ وہ اشتعال انگیز تقاریر کے عادی ہیں ، چنانچہ کسی ہنگامی صورتحال کے تدارک کے لئے شہر میں ان کے داخلہ پر روک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسی دوران وی ایچ پی نے ایک بیان میں کہا کہ توگڑیا اور آر ایس ایس جنرل سکریٹری سریش بھیا اس جلسہ سے خطاب کریں گے ۔

VHP's Pravin Togadia Banned from Bengaluru for a Week

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں