اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے مانجھی کو طویل مہلت نامناسب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-18

اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے مانجھی کو طویل مہلت نامناسب

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کی ان کے خلاف حمایت کرنے پر سینئر جنتادل یو لیڈر نتیش کمار نے آج بی جے پی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا، جس نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے مانجھی کو دی گئی14دن کی مہلت کو منصفانہ قرار دیا ہے ۔ اس بات پر اظہار تاسف کرتے ہوئے کہ سال2000میں انہیں اپنی اکثریت ثابت کرنے صرف7دن کی مہلت دی گئی تھی ، نتیش کمار نے کہا کہ دونوں صورتحال کا تقابل نہیں کیاجاسکتا ۔2000ء میں جنتادل یو ،سمتا پارٹی، بی جے پی ، لوک جن شکتی پارٹی اور آزاد امیدواروں نے بہار کی تقسیم سے پہلے324رکنی اسمبلی میں152نشستیں حاصل کی تھیں، جب کہ آر جے ڈی کی نشستیں152سے کم تھیں۔ کمار سے کہا گیا تھا کہ وہ اندرون7یوم اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کریں، تاہم وہ درکار تائید حاصل کرنے میں ناکام رہے اور اعتماد کے ووٹ سے پہلے ہی انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ نتیش کمار نے کہا کہ جنتادل یو نے چیف منسٹر کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کرنے پر مانجھی کوخارج کردیا ہے اور پارٹی اکثریت کی بنیاد پر اس عہدہ کو دوبارہ حاصل کرنے کا دعویٰ کررہی ہے ۔ اگرچہ کہ بی جے پی خفیہ طور پر مانجھی کی تائید کررہی ہے اس کے باوجود ان کے پاس درکار اعداد و شمار نہیں ہیں۔ جنتادل یو کے نئے لیجسلیچر پارٹی قائد نے کہا کہ نوشتۂ دیوار بیحد واضح ہے کہ جنتادل یو ، آر جے ڈی، کانگریس، سی پی آئی کے ایک اور ایک آزاد رکن اسمبلی سمیت130ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں ۔ ایسی صورت میں گورنر کی جانب سے مانجھی کو طاقت آزمائی کے لئے14دن کی مہلت دئیے جانے کو کسی بھی طور پر منصفانہ نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔
ان کے صفائے کے لئے لکھی جانے والی دستاویز کے پس پردہ مودی کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ9فروری کو گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی سے ہماری ملاقات کے دوران انہیں اس بات پر قائل کیا گیا کہ مانجھی کو20فروری سے پہلے اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لئے کہا جائے ، لیکن وزیر اعظم سے مانجھی کی ملاقات کے بعد صورت حال یکسر تبدیل ہوگئی۔ جنتادل یو اس بات کی مخالف نہیں کہ ایس آر بو ئی کیس میں سپریم کورٹ کی رولنگ کے مطابق مانجھی کو اپنی اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جائے، لیکن14دن کی اتنی طویل مہلت دئیے جانے کو کسی بھی طرح منصفانہ قرار نہیں دیاجاسکتا ۔ نتیش کمار نے خفیہ ووٹنگ کے لئے درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ یہ دستور کے دسویں شیڈول کے مغائر ہے ۔.

Nitish Flays Governor for Giving Manjhi Undue Time for Floor Test

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں