کرناٹک کے شہر منگلور کے ایک گرجا گھر پر اشرار کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-26

کرناٹک کے شہر منگلور کے ایک گرجا گھر پر اشرار کا حملہ

کرناٹک کے شہر منگلور کے ایک گرجا گھر میں کل رات توڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اشرار نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دئیے ۔ دروازوں کو نقصان پہنچایا تاہم وہاں رکھے مجسموں کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا ۔ یہ حملہ وزیر اعظم نریندر مودی کے تمام مذہبی گروپوں کو تحفظ فراہم کرنے کے عزم کے اظہار کے چند دن بعد ہوا جب کہ وزیر اعظم نے نئی دہلی میں گرجا گھروں پر متعدد حملوں کے رد عمل میں یہ عزم ظاہر کیا تھا ۔ وزیر اعظم مودی نے عیسائی طبقہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا’’اقلیتی طبقہ کے خلاف تشدد کے تمام واقعات کی میں مذمت کرتا ہوں ۔ میری حکومت عقیدہ کی مکمل آزادی کو یقینی بنائے گی ۔‘‘کمشنر پولیس منگلور ایس مروگن نے کہا کہ اشرار نے کل رات اجتماع ہال کو نشانہ بنایا، لیکن مریم اور یسوع مسیح کے مجسمہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کی ٹیمیں مجرموں کو پکڑنے روانہ کردی گئی ہیں ، انہیں بہت جلد گرفتار کرلیاجائے گا۔ مروگن نے کہا کہ اشرار نے ڈیرا لکاٹے کے قریب کل رات سینٹ جوزف گرجا گھر میں توڑ پھوڑ کی ۔ انہوں نے عبادت گاہ پر پتھر برسائے ، اس کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دئیے، دروازوں کو نقصان پہنچایا لیکن چرچ میں داخل نہیں ہوئے۔ ریاستی وزیرصحت یوٹی قادر نے مقام کا دورہ کیا اور عوام کو تیقن دیا کہ خاطیوں کو جلد گرفتار کرلیاجائے گا۔ یہ حرکت چند غیر سماجی عناصر کی ہے جو سماج میں خوف اور عدم تحفظ پید اکرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ یہ کسی چھوٹے گروپ کی حرکت ہوسکتی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس شنکر سٹی نے کہا کہ گرجا گھر کے قریبی علاقہ میں بعض غیر قانونی سرگرمیوں کی اس سے قبل اطلاع ملی تھی ، تحقیقات کے بعد مشتبہ افراد کی شناخت کرلی جائے گی۔

Mangalore church attacked by anti-social elements: Minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں