وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی بنگلہ دیش کے سہ روزہ دورہ پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-22

وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی بنگلہ دیش کے سہ روزہ دورہ پر

ڈھاکہ
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے آج بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور بنگلہ دیش سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی ۔امید کی جارہی تھی کہ دونوں کے درمیان کی بات چیت میں تیستا ندی کے پانی کی تقسیم اور زمینی سرحد معاہدہ کی توثیق کے معاملے زیر غور آئیں گے اور یہ واضح نہیں ہے کہ کسی معاون کی عدم موجودگی میں دونوں لیڈروں کی آدھا گھنٹہ کی میٹنگ میں کیا باتیں ہوئیں ۔ حسینہ نے ممتا کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کیا۔ سہ روزہ دورے پر جمعرات کو یہاں پہنچنے والی ممتا بنرجی نے کہا کہ مغربی بنگال سے بنگلہ دیش کو جو ’توقعات‘ ہیں، وہ اس پر قدم اٹھانے کو تیار ہیں ۔ ممتا کے دورے سے تیستا ندی کے پانی کی تقسیم کے معاہدہ کے حل اور زمینی سرحد معاہدوں کی توثیق کی سمت میں پیش رفت کی امید بڑھی ہے ۔ ممتا2011میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ بننے کے بعد پہلی بار بنگلہ دیش کے دورے پر آئی ہیں۔ انہوں نے مغربی بنگال اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی رشتوں کو اور مضبوط کرنے کے لئے کئی تدابیر کی تجویز پیش کی ہیں جن میں بنگلہ دیش کے بانی ’بنگ بدھو‘ شیخ مجیب الرحمان کے نام پر بنگ بندھو بھون کی تعمیر بھی شامل ہے ۔ ممتا بنرجی بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید سے بھی ملیں گی ۔ قابل ذکر ہے کہ2011میں اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران تیستا معاہدہ پر دستخط ہونا طے تھا لیکن آخری وقت میں ممتا نے اس کی مخالف کی تھی ۔
تیستا معاہدہ کو تب سے ٹھنڈے بستے میں ڈال دیاگیا تھا کیونکہ ممتا نے یہ کہتے ہوئے پانی کے مجوزہ معاہدہ پر اعتراض ظاہر کیا تھا کہ اس سے ان کی ریاست کو نقصان پہنچے گا ۔ ممتا بنرجی نے آج علی الصباح مرکز شہید مینار پرپھولوں کے ہار چڑھا کر1952کی تحریک زبان کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اپنے رفقاء کے ساتھ نیم شب سے15منٹ قبل مینار پہنچی جہاں خارجی امور کے وزیر مملکت شہر یار عالم نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ وہ شہیدوں کے احترام میں اپنے دونوں ہاتھ جوڑے ہوئے شہید مینار کے بائیں جانب پہنچیں۔ بھاشا آندولن کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب آدھی رات کے فوراً بعد شروع ہوئی ۔ اس موقع پر شہید مینار پر پھولوں کی مالائیں چڑھانے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ21فروری کو بین الاقوامی یوم مادری زبان کے موقع پر شہید مینار پر موجود رہنا میری زندگی کے سب سے یادگارلمحوں میں سے ایک ہے۔ میری دیرینہ آرزو تھی کہ میں بنگلہ دیش آکر ’بھاشا آندولن‘ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کروں، ہم لوگ بچپن سے ہی21فروری کے بارے میں سنتے آئے تھے اور ہم خود مغربی بنگال میں21فروری مناتے ہیں اور یہ دن ہم سب کا سر فخر سے اونچا کردیتا ہے ۔ ممتا بنرجی جمعرات کو17برسوں کے بعد بھاشا دیوس کی تقریب میں شرکت کے لئے سہ روزہ دورہ پر یہاں آئی ہیں ۔ بنگلہ دیش کی سرکار نے انہیں اس تقریب کی مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے یہ ان کا بنگلہ دیش کا پہلا دورہ ہے ۔

West Bengal CM Mamata Banerjee invites Bangladesh PM to visit state

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں