رائٹر
عراق کے نیم خود مختار صوبہ کردستان کی فوج نے کرکوک شہر کے جنوب میں کارروائی کرکے اسلامی ریاست ’داعش‘ کے قبضہ سے تیل کے دو ذخائر واپس لے لئے ہیں۔ جنوبی کرکوک میں کرد فوج کے ایک عہدیدار میجر جنرل رسول قادر نے بتایا کہ کرد فوج اور پولیس نے شہر کے جنوب میں خباز آئل ریفائنری پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں پر یرغمال بنائے گئے ملازمین کو بھی بازیاب کرالیا ہے ۔ جنرل قادر نے بتایا کہ کرد فوج اور پولیس نے کرکوک کے جنوب میں35کلو میٹر دور ملا عبداللہ کے مقام پر واقع خبا زآئل ریفائنری کا مکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف تازہ آپریشن نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز رہا ہے جس کے نتیجہ میں خباز اور دیگر دیہات سے بھی داعش کو نکال باہر کیا گیا۔ اب آئل ریفائنری اور اس کے آس پاس کے تمام دیہات پر کرد فوج کا کنٹرول قائم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ داعش کے مسلح جنگجو اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء عراق کی پارلیمنٹ میں شامل جماعت’’ اتحاد دولت القانون‘‘ کے رکن جاسم محمد جعفر نے انکشاف کیا ہے کہ جنوبی کرکوک کے علاقوں کو داعش کے قبضہ آزاد کرانے کے لئے کرد فوج البیشمر کہ، کردوں کی غیر سرکاری ملیشیایا، عراقی وزارت داخلہ اور دفاع نے ایک متفقہ فیصلہ میں5ہزار سیکوریٹی ارکان کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ جعفر نے کہا کہ حال ہی میں داعشی جنگجوؤں نے جنوبی کرکوک کے علاقوں مریم بیک، مکتب خالد اور ملا عبداللہ میں داخل ہونے کے کرکوک کے ایک ہوٹل کو دو خود کش دھماکوں سے اڑا دیا تھا۔ اس کے علاوہ داعشی جنگجوؤں نے فوج کے چھاپہ مار دستوں کو بھی نشانہ بنایا۔
دریں اثنا بیروت سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب اسلامی ریاست (داعش) نے شام کے سرحدی شہر کوبانی میں پہلی بار اپنی شکست تسلیم کی ہے اور کہا ہے کہ امریکہ کی زیر قیادت دوسرے ملکوں کے فضائی حملے کی وجہ سے اس شہر میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ، لیکن وہ جلد ہی پھر سے اس شہر میں واپس لوٹیں گے ۔ اسلامی ریاست نے اپنی شکست کی بات ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو جاری کئے ایک ویڈیو میں کہی ہے ۔ اس نے کہا ہے کہ فضائی حملوں کے سبب اس کے جنگجو شہر سے فرار ہونے پر مجبور ہوئے ۔ لیکن وہ پھر سے اس شہر پر حملہ کرے گی ۔ کرد عہدیداروں نے گزشتہ پیر کے روز کہا تھا کہ اسلامک اسٹیٹ نے کوبانی شہر کو خالی کردیا ہے ۔ اس دوران امریکہ نے بھی کہا ہے کہ کوبانی پر سے داعش کا کنٹرول ختم کردیا گیا ہے ۔
Iraq Kurdish forces retake oil field, villages from IS
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں