اگر حکومت دو قدم بڑھتی ہے تو آپ نصف قدم بڑھئیے - ایرانی کی مسلمانوں سے اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-04

اگر حکومت دو قدم بڑھتی ہے تو آپ نصف قدم بڑھئیے - ایرانی کی مسلمانوں سے اپیل

نئی دہلی
ایجنسیاں
فروغ انسانی وسائل کی وزیر اسمرتی ایرانی کی خواہش ہے کہ برابر کے شہری کے طور پر مسلمان آگے بڑھ کر ملک کی ترقی میں حصہ لیں ۔ پیر کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے انصاری آڈیٹوریم میں پر ہجوم سمپوزیم سے مخاطبت میں انہوں نے کہا کہ میں آپ تمام نوجوانوں سے درخواست کرتی ہوں کہ اگر ہم(حکومت) دو قدم اٹھاتی ہے آپ کم از کم نصف قدم تو اٹھائیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ ساتھ چلیں گے ۔ وزیر اعظم کے قریبی ساتھی اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چانسلر ظفر سریش والا کی ایماء پر مسلم سماج کے چند افراد کی جانب سے اٹھائے گئے ایک مخٹلف قدم کے طور پر ایک غیر معروف تنظیم مسلم یوتھس فار انڈیا نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے منعقد ہ قومی سمپوزیم میں ایرانی مہمان خصوصی کے طور پر مخاطب تھیں ۔ ظفر سریش والا جو پروگرام کے اعزازی مہمان تھے پروگرام کا مرکز توجہ تھے کیونکہ کسی مقرر نے ان کا نام لینا نہیں بھولا اور ان کا خیر مقدم کیا جب کہ جب بھی ان کا نام لیا گیا وہ مسکرا دئیے ۔ لسانی اقلیتوں کے قومی کمیشن کے کمشنر پدم شری اخترا لواسع نے ان کے کام کے لئے ان کا خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی چانسلر شپ میں مانو نئی بلندیاں چھوئے گا ۔ پروفیسر واسع نے ہندو مسلم اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانون کا مفاد ملک کے مفاد سے الگ نہیں ہے۔ اگر ملک ترقی کرتا ہے تو مسلمانوں کو بھی اس سے فائدہ ہوگا جن کی شناخت ملک کی شناخت سے وابستہ ہے ۔ اختر الواسع نے ایچ آر ڈی منسٹر کی بھی خوب ستائش کی ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ15تا16فیصد مسلمانوں کو نظر انداز کرکے ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے لیکن یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کو خیرات کی ضرورت نہیں ان کو حقوق اور برابری کی شمولیت کی ضرورت ہے ۔ فروغ انسانی وسائل کی وزیر نے درخواست کی کہ ہم غلط فہمی کو پروان نہ چڑھائیں اور تیقن دیا کہ حکومت کے مدارس کی جدید کاری کا جو وعدہ کیا وہ پورا کیاجائے گا ۔ انہوں نے تعلیم کے جدید طریقوں کو بھی یاد دلایا۔ اس سے قبل مشہور عالم دین مولانا سلمان ندوی کے فرزند مولانا یوسف ندوی نے مسلمانوں کو یاد دلایا کہ وہ ایسی ملت ہے جس کے نبی ﷺ پر پہلی وحی اقراء نازل ہوئی تھی اور مسلمان پھر بھی تعلیم میں پیچھے ہیں اور انہوں نے اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کے حصول پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسلمانوں کو موقعوں کی تلاش ہے اور اگر انہیں مناسب پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے تب وہ ملک کی بہتری کے لئے کام کریں گے اور ظفر سریش والا کی طرح چمکیں گے ۔ مختلف معروف مقررین نے سمپوزیم میں شرکت کی جن میں حج کمیٹی کے سابق چیر مین تنویز احمد، آصفہ خان، اختر علی فاروقی اور پروفیسر مجتبیٰ خان قابل ذکر ہیں ۔ سمپوزیم کی صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کی۔ حالانکہ جامعہ میں اس پروگرام کے انعقاد کو کچھ لوگوں نے دہلی اسمبلی الیکشن سے قبل بی جے پی کی مسلمانوں تک پہنچنے کی کوشش بھی قرار دیا اور الزام لگایا کہ بی جے پی سیاسی مفادات کے لئے علم کے منادر کو استعمال کررہی ہے ۔

If govt moving two steps, take at least half, Smriti Irani urges Muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں