شمال مشرقی عوام تارکین وطن - بی جے پی کے ویژن دستاویز پر تنازعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-04

شمال مشرقی عوام تارکین وطن - بی جے پی کے ویژن دستاویز پر تنازعہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی کے ویژن دستاویز پر آج اس وقت ایک تنازعہ پیدا ہوگیا جب اس میں قومی دارالحکومت میں مقیم شمال مشرقی ریاستوں کے عوام کا تارکین وطن کی حیثیت سے حوالہ دیا گیا۔ کانگریس نے فوری معذرت خواہی کرنے اور ان الفاظ کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 24صفحات پر مشتمل اس دستاویز میں دہلی کو عالمی معیار کا شہر بناتے ہوئے ترقی دینے اور عوامی بہبود سے متعلق اقدامات کے سکشن میں’’شمال مشرق کے تارکین وطن کے تحفظ‘‘ کی بات کہی گئی ہے۔ اس سیکشن میں تمام پولیس اسٹیشنوں میں خصوصی سلیس اور شمال مشرقی تارکین وطن کے تحفظ کے لئے 24گھنٹے کام کرنے والے ہیلپ لائن نمبرس کی تنصیب کی بات کہی گئی ہے ۔ کانگریس نے فوری رد عمل ظاہر کیا اور اس کے لیڈر اجئے ماکن نے سوال اٹھایا کہ بی جے پی یہ کہنے کی کوشش کررہی ہے کہ شمال مشرق کے عوام، ہندوستانی شہری نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان الفاظ کو حذف کرنے اور عوام سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرق کے عوام کے بارے میں ایسے حوالے پر مبنی دستاویز ایک ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب وزیر خارجہ سشما سوراج چین کے دورہ پر ہیں ۔
پانی بجلی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح: کرن بیدی
یو این آئی کے بموجب بی جے پی نے آج7فروری کے اسمبلی انتخابات کے لئے ویژن دستاویز جاری کیا اور قومی دارالحکومت کو عالمی معیار کا شہر بنانے’’خواتین کو تحفظ کی فراہمی ‘1984کے مخالف سکھ فساد متاثرین کے ساتھ انصاف اور متوسط طبقہ کے افراد کے لئے امکنہ کی تعمیر کا وعدہ کیا تاہم پارٹی نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے مسئلہ پر خاموشی اختیار کی۔ روایتی انتخابی منشور کے بجائے بی جے پی نے ایک ویژن دستاویز جاری کیا ہے ۔ مرکزی وزراء اننت کمار ، نرملا سیتا رامن، ہرش وردھن، سینئر بی جے پی لیڈر روی ملہوترہ ، پارٹی کی چیف منسٹری کی امیدوار کرن بیدی ، دہلی یونٹ کے صدر ستیش اپادھیائے اور انچارج پربھا جھا نے یہ دستاویز جاری کیاہے۔ امکنہ کے مسئلہ پر بی جے پی نے وعدہ کیا کہ ہر سال متوسط آمدنی رکھنے والے گروپس کے لئے ایک لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے تاہم اس دستاویز میں دہلی کو مکمل ریاست کے درجہ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ۔ بی جے پی نے2013ء کے اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے منشور میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ویژن دستاویز جاری کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپادھیائے نے کہا کہ بی جے پی دہلی کو عالمی معیار کا شہر بنائے گی اور پارٹی برقی ، پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے سے دلچسپی رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ہماری حکومت شفاف اور کرپشن سے پاک ہوگی ۔ ہم دہلی کو عالمی معیار کا شہر بنانا چاہتے ہیں۔ ہم دہلی حکومت کے تحت ہاسپٹلس کی حالت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں ۔ کرن بیدی نے کہا کہ ویژن دستاویز ایک جامع دستاویز ہے ، جس میں زائد از270نکات کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ اور خواتین کی حفاظت و سلامتی، سڑکوں، دریائے یمنا، کو آلودگی سے پاک کرنے ، غیر مجاز کالونیوں ، جھگی جھونپڑی میں رہنے والوں کے لئے پکے مکانات کی تعمیر، مخالف سکھ فسادات کے متاثرین کو انصاف ، امور نوجوانان ، صحت، ماحولیات ، ترقی ، تجارت اور صنعتوں جیسے ہنگامی معاملات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیاجائے گا اور اس میں محکمہ پولیس بھی شامل ہے ۔ بیدی نے کہا کہ اگر وہ بر سرا قتدار آتی ہے تو دہلی کی بی جے پی حکومت ماہانہ ریڈیو خطاب’’دل کی بات‘‘ شروع کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے علاوہ کابینی وزراء اور ارکان اسمبلی بھی ریڈیو پر ’’دل کی بات‘‘ پروگرام سے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ فوائد کرنے مرکزی حکومت کے ساتھ مکمل تال میل برقرار رکھاجائے گا۔

People from Northeast immigrants? BJP's vision document for Delhi sparks outrage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں