نئی دہلی کے پرگتی میدان میں اسمرتی ایرانی کے ہاتھوں عالمی کتاب میلہ کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-15

نئی دہلی کے پرگتی میدان میں اسمرتی ایرانی کے ہاتھوں عالمی کتاب میلہ کا افتتاح

نئی دہلی
ایس این بی/ مظفر شکوری
ہفتہ کو نئی دہلی کے پرگتی میدان میں فروغ انسانی وسائل کی مرکزی وزیر اسمریتی زبین ایرانی نے کیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ہندی کے معروف ادیب نریندر کوہلی تھے ، افتتاح پر گتی میدان کے ہنس دھونی تھیٹر میں صبح11بجے کیا گیا ، اس کا اہتمام نیشنل بک ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا، افتتاح کے فوراً بعد کتاب میلہ عام لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ۔ پروگرام کے آغاز میں دہلی یونیورسٹی کے فیکلٹی آف میوزک اینڈ فائن آرٹ کے طلباء نے قومی ترانہ پیش کیا۔ اس موقع پر سنگا پور کے ہائی کمیشن لی ٹنگ کنگ اور ساؤتھ کوریا کے امبیسڈر لی چنگ جونے بھی شرکت کی ، ان کے علاوہ کافی تعداد میں پبلشر، رائٹر، صحافی، فوٹو گرافر اور مصور حضرات کے ساتھ ساتھ سیکڑوں کی تعداد میں اسکولی بچے اور بچیاں موجود تھیں ۔نئی دہلی عالمی کتاب میلے میں شرکت کرنے والے پبلشروں کو کی کتابیں بڑے پیمانے پر فروخت ہوتی ہیں۔ میلے کے دوران صحافت سے متعلق سمینار اور دیگر نشستوں کی وجہ سے بھی یہ میلہ دنیا بھر میں جانا جاتا ہے ۔ مہمان خصوصی ملک کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال سنگا پور کو مدعو کیا گیا ہے اور اس مرتبہ فوکس ملک کو جگہ دینے کی شروعات بھی کی گئی ہے۔ یہ اعزاز اس مرتبہ ساؤتھ کوریا کو دیا گیا ہے۔ ساؤتھ کوریا اور سنگا پور کا ایک بہت بڑا وفد اپنی کتابوں کے ساتھ شامل ہوا ہے ۔ اس بار کاتھیم سور یوادے رکھا گیا ہے ۔اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نریندر کوہلی نے ہندی ادب اور ہندوستانی کتاب کے ساتھ ہورہے استحصال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارموں ، ایئر پورٹ ، بس اسٹینڈ اور میٹرو اسٹیشنوں پر بک اسٹال نہ ہونے کی وجہ سے وہ لوگ بھی کتابیں پڑھنے سے محروم رہ جاتے ہیں جنہیں کتب بینی کا شوق ہے ، لہذا میری وزارت برائے فروغ انسانی وسائل سے درخواست ہے کہ ریلوے اسٹیشن، ایئر پورٹ ، بس اسٹینڈ اور میٹرو اسٹیشن کے ہر ایک پلیٹ فارم پر کم از کم ایک اسٹال کھولنے کا بندوبست کرادیں تاکہ لکھنے والوں کے حوصلے کمزور نہ پڑیں اور کتب بینی کا شوق رکھنے والے اپنا شوق پورا کرسکیں ۔ انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ ان اسٹالوں پر صرف ہندوستانی زبان کی کتابیں ہی رکھی جائیں ۔ وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں کوہلی صاحب کا خطاب غور سے سن رہی تھی ۔ اور یہ واقعی ضروری ہے اس لئے میں نے ایجوکیشنل سیکریٹری کو کوہلی صاحب کی تمام تجویزوں کو حل کرنے کے لئے منصوبہ تیار کرنے کے لئے کہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال سے ہم نئے ادیبوں اور صحافیوں کو اپنے یہاں بلائیں گے اور انہیں آگے بڑھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم تیار کریں گے جس کے لئے ہم ان کی سکرپٹ بھی منگوائیں گے ۔14فروری سے شروع ہوکر22فروری تک چلنے والے اس میلے میں تقریباً31زبانوں کی کتابیں اسٹالوں پر نظر آئیں گی اور اس مرتبہ دنیا کے12ممالک کے صحافیوں ، ادیبوں اور پبلشروں نے شرکت کی ہے ۔

HRD Minister inaugurates 42nd New Delhi World Book Fair

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں