الیکشن کمیشن انتخابات کے درمیان فتوؤں پر پابندی لگائے - بیدی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-12

الیکشن کمیشن انتخابات کے درمیان فتوؤں پر پابندی لگائے - بیدی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
بی جے پی قائد کرن بیدی نے چہار شنبہ کو الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ وہ الیکشن سے قبل فتوے جاری کرنے کی اجازت نہ دے جو ووٹرس پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ فتوی کسی بات پر اسلامی قانون کے مطابق بیان جاری کرنے کو کہتے ہیں ، جو منظور شدہ اتھاریٹی دیتی ہے ۔ بیدی نے اسمبلی الیکشن میں پارٹی کی کراری شکست کے بعد رپورٹرس سے بات چیت میں کہا کہ یہ فتوے اختیار کی آزادی پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ فتوے کا مطلب ہدایت جاری کرنا ہے ، اس کا مطلب یہ ایک پیغام ہے اس کا ووٹرس پر اثر ہوتا ہے ۔ بیدی بھی اپنی نشست گنوا چکی ہے ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کو اس کی اجازت دینی چاہئے ۔ کیا یہ جمہوری عمل میں صحیح ہے ؟ کیا الیکشن کمیشن اس کی جانب توجہ دے گا ۔ 7جنوری کو دہلی میں الیکشن سے ایک روز قبل جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے دہلی کے مسلمانوں سے عام آدمی پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔ حالانہ عاپ نے بخاری کی اس اپیل پر نکتہ چینی کی تھی اور بی جے پی نے ان پر فرقہ ورانہ سیاست کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ بیدی بی جے پی کی روایتی کرشنا نگر سیٹ سے2000ووٹوں کے فرق سے ہار گئی تھی ۔ کرشنا نگر کا یہ نقصان پارٹی اور بیدی دونوں کے لئے کافی مایوس کن رہا ہے ۔
نئی دہلی
ایجنسی
عاپ قائد راگھو چڈھا نے چہار شنبہ کو کہا کہ بی جے پی قائد کرن بیدی حالیہ اسمبلی انتخابات میں اپنے نقصان کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے احتساب کریں نہ کہ جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کے مبینہ فتویٰ کو اس کے لئے مورد الزام ٹھہرائے۔ چڈھا ، کرن بیدی کے اس تبصرہ پر رد عمل ظاہر کررہے تھے ، جو انہوں نے ایک میڈیا کانفرنس کے دوران دیا تھا کہ شاہی امام کا جاری کردہ فتویٰ عاپ کی فتح کے لئے ذمہ دار ہے ۔ چڈھا نے ایجنسی کو بتایا کہ کرن بیدی نے ایسے اسمبلی حلقہ سے الیکشن ہارا جس کے بارے میں یہ خیال تھا کہ وہاں بی جے پی کا بڑا اثرورسوخ ہے ۔ اب جب کہ وہ اس حلقہ سے ہار چکی ہیں انہیں تجزیہ اور احتساب کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ ایسے عناصر پر شکست کی ذمہ داری ڈالنی چاہئے ۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ شاہی امام کے فتویٰ کا مسئلہ اٹھا کر عاپ کی تصویر مسخ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا جہاں تک فتویٰ تنازعہ کا سوال ہے انہوں نے عاپ کو بدنام کرنے کی تمام کوششیں کرلی ہے ۔

Fatwas impact voters, EC should take stock: Bedi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں