دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے عام آدمی پارٹی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-12

دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے عام آدمی پارٹی کا مطالبہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کے نامزد چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور قومی دارالحکومت کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا معاملہ پیش کیا ۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سے مختلف اداروں کے درمیان مناسب رابطہ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ ملاقات میں کجریوال کے ساتھ پارٹی کے سینئر قائد منیش سسوڈیا بھی تھے۔ ان قائدین نے راج ناتھ سنگھ کو بتایا کہ دہلی کی ترقی اور امن و امان کے لئے مرکز اور دہلی کے مختلف اداروں کے درمیان تال میل ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ان معاملات میں رکاوٹ بننا نہیں چاہئے ۔ کجریوال نے راج ناتھ سنگھ کو14فروری کو رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے حلف برداری تقریر میں شرکت کی دعوت دی ۔ آپ لیڈر نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نظم و نسق کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ امن و امان کو بھی یقینی بنایاجاسکتا ہے ۔ کجریوال نے یاد دلایا کہ2013ء کے انتخابات میں بی جے پی نے خود اس بات کا تیقن دیا تھا ۔ ملاقات کے بعد سسوڈیا نے بتایا کہ راج ناتھ سنگھ نے بات چیت میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے علاوہ دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے اپنی طرف سے تعاون کا تیقن دیا۔ یہ ملاقات10منٹ کی تھی۔ قبل ازیں کجریوال نے وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو کے ساتھ ملاقات کی اور دہلی کی ترقی اور اسے مکمل ریاست بنانے کے معاملہ پر مرکز سے تعاون طلب کیا۔
نائیڈو سے ان کے دفتر میں ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آپ کے لیڈر منیش سسوڈیا نے جو کجریوال کے ساتھ آپ کے وفد میں شامل تھے ، کہا کہ ہم نے دہلی کی ترقی اور اسے مکمل ریاست کا درجہ دیئے جانے کے معاملہ پر مرکز سے مدد کی درخواست کی ہے۔ سسوڈیا نے کہا کہ نائیڈو نے آپ کے وفد کو یقین دلایا کہ مرکز سیاسی اختلافات سے قطع نظر دہلی کی ترقی میں مدد دے گا ۔ آپ کے وفد میں دہلی میں اسکول بنانے پارکنگ اور کھیل کے میدانوں کے لئے ڈی ڈی اے سے زمین دئیے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا ہے ۔ سسوڈیا نے کہا کہ ہم نے اسکولوں، کالجوں اور ہاسپٹلوں کے لئے زمین مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی چو طرفہ ترقی کے لئے مرکزی ریاستی حکومت کے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متعدد معاملوں میں مرکز کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ منیش سسوڈیا نے کہا کہ دہلی پولیس کو حکومت کے تحت لانے کا مسئلہ ان ملاقاتوں میں اٹھایا گیا اور جب تک دہلی کو ایک مکمل ریاست کا درجہ نہیں دیا جاتا یہ معاملہ حل نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے2013ء میں اپنا منشور جاری کرتے ہوئے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا تیقن دیا تھا، لیکن7 فروری 2015ء کودہلی انتخابات کے سلسلہ میں جو ویژن دستاویز جاری کی گئی اس میں ریاست کا درجہ دینے کا کوئی تذکرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ2003ء میں این ڈی اے حکومت نے پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کرتے ہوئے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کی خواہش کی تھی ، یہ بل پارلیمانی کمیٹی سے رجوع کیا گیا لیکن اس کے آگے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت دہلی میں بی جے پی کی حکومت تھی اس وقت1993ء میں ایک قرار داد منظور کی گئی تھی ۔ شیلا ڈکشت کی قیادت میں کانگریس حکومت نے بھی دہلی اسمبلی میں دس مرتبہ قرارداد منظور کی تھی ۔

Kejriwal-Modi meet ends, Centre to consider full statehood demand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں