اقلیتی اسکیمات کی عمل آوری کو آسان بنایاجائے گا - نقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-09

اقلیتی اسکیمات کی عمل آوری کو آسان بنایاجائے گا - نقوی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی مملکتی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ سابق یو پی اے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کئی اقلیتی اسکیمات کی عمل آوری کو آسان بنانے کی کوششیں جاری ہں ۔ نقوی نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے تمام ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ اقلیتوں کے لئے مرکز ی فنڈس کا بھرپور استعمال کیاجائے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے کئی اسکیمات ہیں لیکن ان کو نافذ کرنے کا عمل پیچیدہ ہے ۔ ان کی وزارت اسے آسان بنائے گی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق یوپی اے حکومت نے اقلیتوں سے متعلق کئی اسکیمات کو عملی جامہ نہیں پہنایا اور وہ صرف کاغذی بن کر رہ گئیں۔ نریندر مودی کی قیادت میں حکومت بننے کے بعد ان اقلیتی اسکیمات کی عمل آوری اعلیٰ ترجیحی بن گئی ہیں کیونکہ ان کے بغیر اقلیتی طبقہ کو بااختیار بنانا ممکن نہیں ہے ۔ نقوی نے کہا کہ ان کی وزارت اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مزدورں کو بڑے مارکٹ نٹ ورک سے مربوط کرنے کی خواہاں ہے ۔ اس سلسلہ میں ہند منردی کی تربیت، تعلیم، آسان قرضوں کی دستیابی اہم رول ادا کریں گے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کیرالا اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں اقلیتوں کے فنڈس کا استعمال بہتر ہے جب کہ اتر پردیش بہار اور مغربی بنگال میں اس کا بے حد کم استعمال ہوتا ہے ۔ ایسی ریاستوں کے چیف منسٹرس سے وزارت نے بات چیت کی ہے ۔ مدارس کو عصری بنانے سے متعلق سوال پر نقوی نے کہا کہ حکومت مدرسوں کو عصری بنانے کے حق میں ہے ۔ مدارس میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کی اسکیم کے ذریعہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ اس اسکیم کے تحت مرکزی حکومت مدارس کو مدد فراہم کرے گی اور وہاں سائنس ، ریاضی ، سماجی علم، انگریزی اور ہندی کو شامل نصاب کرنے کی ترغیب دے گی ۔ نقوی نے کہا کہ ان کی وزارت اقلیتی آبادی والے علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے کام کررہی ہے اور سیکھو اور سکھاؤ ، نئی روشنی اور پڑھو دیس جیسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ مملکتی وزیر اقلیتی امور نے یہ بھی کہا کہ ریاستی وقف بورڈس کے اکاؤنٹس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی اسکیم شروع کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کے نعرے سب کا وکاس سب کا ساتھ کا حوالہ دیا۔

Efforts on to simplify minority schemes implementation: Naqvi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں