سعودی عرب کے اکثر شہروں میں گرد و غبار کا طوفان - کویتی آئل پورٹس بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-13

سعودی عرب کے اکثر شہروں میں گرد و غبار کا طوفان - کویتی آئل پورٹس بند

ریاض/کویت
اردو نیوز (سعودی عرب)
سعودی عرب کے اکثر شہروں میں جمعرات کو گردوغبار کا طوفان چھایارہا۔ ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جدہ، دمام، بریدہ ، تبوک، حفر الباطن ، عرعر ، الجوف، ینبع، شرورہ اور الخرج وغیرہ میں گردآلود ہواؤں نے قریب کے منظر کو دھندلادیا ۔ خلیج کا علاقہ گرد آلود ہواؤں کی زد میں رہا ۔ کویت نے آئل پورٹس بند کردیں۔ کویتی قومی تیل کمپنی کے ترجمان خالد العسعوسی نے واضح کیا کہ آئل پورٹ تا اطلاع ثانی بند کی گئی ہیں جب تک موسم بہتر نہیں ہوگا تب تک آئل پورٹس بند رہیں گی۔ گردوغبار کا طوفان سعودی عرب اور خلیج کے دیگر ممالک کا رخ کررہا ہے ۔ الشیوخ بندرگاہ میں آپریشن سیکشن کے ڈائریکٹر کیپٹن مرزوق القحطانی نے بتایا کہ نہ تو بندرگاہوں سے آئل ٹینکر بھیجے جارہے ہیں اور نہ ہی آئل ٹینکر ز کا استقبال کیاجارہا ہے ۔ کویت روزانہ3.15ملین بیرل تیل نکالتا ہے ۔940ہزار بیرل تیل کویتی آئل ریفائنریز میں صاف کیاجاتا ہے ۔ مملکت میں گرد آلود آندھی کی وجہ سے تیل کی برآمد کا عمل متاثر نہیں ہوا۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کا سلسلہ آج جمعہ کو بھی جاری رہے گا۔ اس کا بھی امکان ہے کہ آج نماز جمعہ کے بعد مملکت کے جنوب مغربی علاقوں میں بارش بھی ہو۔ ابھا، باحہ، نجران ،جازان ، طائف اور حائل میں بارش کے امکانات ہیں ۔ محکمہ شہری دفاع نے موسم کی خرابی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر زور دیا ہے ۔ ریاض میں جمعرات کو دن بھر گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں ۔ شہر کے مختلف اسپتالوں خصوصاً کنگ سعود میڈیکل سٹی میں تنفس کے مریض علاج کے لئے کثیر تعداد میں پہنچے۔ الخرج کا حال زیادہ برا بتایاجارہا ہے جہاں محکمہ صحت نے تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے ۔

Dust storm in Saudi Arabia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں