دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے آج رائے دہی - 1.33 کروڑ رائے دہندے 673 امیدوار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-07

دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے آج رائے دہی - 1.33 کروڑ رائے دہندے 673 امیدوار

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے7فروری کو رائے دہی ہوگی۔ سارے شہر میں معقول سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔70رکنی ایوان کے لئے اہل رائے دہندوں کی تعداد زائد از1.33کروڑ ہے۔ رائے دہی کا آغاز صبح8بجے اور اختتام شام6بجے عمل میں آئے گا ۔ جملہ12177پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ اصل مقابلہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان ہے ۔ موخر الذکر پارٹی کے صدر سابق چیف منسٹر اروند کجریوال ہیں۔ کانگریس کو تیسرا مقام ملنے کاامکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ کل ہونے والے انتخابات سے عوام کی دلچسپی بہت بڑھ گئی ہے ۔ اور اس الیکشن کو ایک انتہائی اہم الیکشن سمجھاجارہا ہے۔ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے اہم قائدین نے اس مرتبہ واضح اکثریت کے حصول کے لئے مقدور بھر کوششیں کی ہیں اور اہم قائدین کے ذریعہ مہم چلائی ہے ۔ دسمبر2013میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں رائے دہندوں نے منقسمہ فیصلہ دیا تھا ۔ بی جے پی واحد سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھری تھی اور اس کو32نشستیں حاصل ہوئی تھیں جب کہ اے اے پی نے28نشستیں جیتی تھیں اور کانگریس کو صرف8نشستوں پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ کل ہونے والے انتخابات میں673امیدوار میدان میں ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے بموجب رائے دہندوں کی جملہ تعداد ایک کروڑ33لاکھ978ہے جن میں مردوں کی تعداد73لاکھ89ہزار89ہے ۔ جبکہ خاتون رائے دہندوں کی تعداد59لاکھ19ہزار127ہے ۔ 2 لاکھ 27ہزار316رائے دہندوں کی عمریں18تا19سال ہے ۔ جب کہ20تا 29سال کے عمر کے گروپ کے رائے دہندوں کی تعداد36لاکھ93ہزار975ہے ۔ 12177پولنگ اسٹیشنوں کے منجملہ 714کی شناخت’’اہم ‘‘ اور ان حلقوں کے منجملہ191کی شناخت انتہائی اہم حلقوں کی حیثیت سے کی گئی ۔ پہلی بار انمنٹ سیاہی چوبی اسٹک کے بجائے برش کے ذریعہ لگائی جائے گی ۔ رائے دہندوں کی سب سے زیادہ تعداد3لاکھ47ہزار245حلقہ مٹیالہ میں ہے جب کہ سب سے کم تعداد یعنی ایک لاکھ تیرہ ہزار777حلقہ چاندنی چوک میں ہے۔
شمالی دہلی کے حلقہ انتخاب براری میں سب سے زیادہ18امیدوار اپنے مقدر آزما رہے ہیں ۔ جب کہ جنوبی دہلی کے حلقہ امبیڈ نگر میں سب سے کم یعنی 4امیدوار میدان میں ہیں۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں خاتون امیدواروں کی تعداد71تھی جب کہ کل ہونے والے انتخابات میں ان کی تعداد63ہے ۔ آزاد امیدواروں کی تعداد194ہے ۔ بی جے پی نے66امیدوار میدان میں اتارے ہیں جب کہ اس کی حلیف شرومنی اکادل نے4امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے تمام 70نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ نتائج کا اعلان 10فروری کو ہوگا ۔ انتخابی عمل کو آسان بنانے کے لئے95ہزار سرکاری عہدیداروں کی خدمات الیکشن ڈیوٹی کے لئے حاصل کی گئی ہیں۔ دہلی میں14مقامات پر اسٹرانگ رومس قائم کئے گئے ہیں ۔ جہاں پولنگ کے بعد الکٹرانک ووٹنگ مشینیں رکھی جائیں گی۔ رائے دہی کے لئے جملہ12083الکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کی جائیں گی ۔جن پولنگ بوتھس کی شناخت حساس بوتھس کی حیثیت سے کی گئی ہے ان کے اطراف3گھیروں پر مشتمل سیکوریٹی رہے گی ۔ یعنی پولیس، نیم فوجی فورسس اور ہوم گارڈس متعین رہیں گے ۔ آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے55ہزار ارکان پولیس عملہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ دہلی پولیس کے 36ہزار ارکان اور ہوم گارڈس کے11ہزار جوان تعینات رہیں گے ۔ انتخابی ڈیوٹی کے لئے نیم فوجی فورسس کی زائد از120کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔

Delhi votes for a new government today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں