سچ اور ایمانداری کی جیت ہوئی - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-11

سچ اور ایمانداری کی جیت ہوئی - کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اروند کجریوال نے دہلی کے انتخابات میں انہیں شاندار فتح دلاتے ہوئے ایک کرشمہ کرنے پر دہلی کے عوام کو سلام کیا اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ اس خط اعتماد کو پانے کے بعد مغرور نہ بن جائیں ۔ سابق چیف منسٹر کے انتخابی نتیجہ پر اپنے پہلے رد عمل میں کہا’’ آپ نے کرشمہ کردکھایا ہے ، جب آپ سچائی کے راستہ پر ہوں تو دنیا کی تمام طاقتیں مل کر آپ کی مدد کو آئیں گی، میں دہلی کو عوام کو سلام کرتا ہوں،یہ سچائی کی فتح ہے۔‘‘انہوں نے کہا میں آپ تمام سے خواہش کرتا ہوں کہ مغرور نہ بن جائیں ورنہ پانچ سالوں میں ہمارا بھی ایسا ہی حشر ہوگا ۔ ہمیں دہلی کے عوام کی خدمت کرنا ہوگا کیونکہ انہوں نے ہمیں اس قدر بڑا خط اعتماد دیا ہے جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔‘‘ کجریوال نے حامیوں کے پرجوش نعروں کے درمیان یہ بات کہی ۔ اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جو تین منزلہ پارٹی آفس کی بالکونی پر ان کے بازو کھڑی تھیں کجریوال نے کہا کہ یہ کامیابی ان کے مسلسل تعاون اور ذہنی ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی تصویر میں نہیں آئیں ، لیکن وہ ہمیشہ موجود رہیں ۔ اگر وہ نہ ہوتیں تو اس کامیابی کا حصول میرے لئے ممکن نہ ہوتا ۔ آپ سربراہ نے حمایت کے لئے اپنے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اشوتوش نے جو کجریوال کے بازو کھڑے تھے کہا کہ عوام کے اس خط اعتماد نے ملک میں ایک نئے قسم کی انقلابی سیاست کا آغاز ہے ۔

دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی کے انتخابات میں بد ترین شکست سے حیرت زدہ کرن بیدی نے آج کہا ہے کہ یہ ان کی ناکامی نہیں ہے کیوں کہ انہوں نے اپنی طرف سے بہترین کوشش کی بلکہ یہ بی جے پی کی ہار ہے جسے شکست کے بارے میں محاسبہ کرنا چاہئے ۔ کرن بیدی نے جنہیں پارٹی کے مضبوط گڑھ کرشنا نگر میں بھی حیرت انگیز شکست ہوئی کہا کہ میں ہاری نہیں، میں نے میری طرف سے پوری کوشش کی۔ اگر میں بہترین کوشش نہیں کرتی تو مجھے شکست ہوتی ۔ بی جے پی ایک پارٹی کی حیثیت سے ہاری ہے ۔65سالہ سماجی کارکن و سیاستداں نے کہا کہ بی جے پی کو جائزہ لینا چاہئے کہ اسے70سیٹوں میں سے صرف تین پر کامیابی کیوں ملی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک کیڈر پر مبنی جماعت ہے ۔ میں امید کرتی ہوں کہ وہ محاسبہ کرے گی ۔ اپنے آپ کو بی جے پی کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے کرن بیدی نے امید ظاہر کی کہ انہیں معلوم ہوگا کہ پارٹی کو ایسی شکست کیوں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرشنا نگر حلقہ کے عوام کے لئے کام کرتی رہیں گی جہاں سے انہیں شکست ہوئی ہے کیونکہ یہ علاقہ بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اور وہاں صاف ماحول بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نریندر مودی اور امیت شاہ اور معمولی کارکنوں کے بشمول تمام افراد کا احترام اور اعتماد حاصل ہوا لیکن میں ان سے معافی چاہتی ہوں کیوں کہ میں اعتماد اور ذمہ داری پر پورا اترنے میں ناکام رہی ۔ بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں اپنی شکست قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی کے لئے ایک زبردست دھکا ہے۔ پارٹی نے اعتراض کیا کہ وہ عوام کے موڈ کو پرکھنے میں ناکام ہوگئی۔

Delhi election results 2015: It's victory for truth and honesty, Arvind Kejriwal says

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں