کانگریس کا جلد احیا راہول عظیم تر رول نبھائیں گے - سینئر قائد جئے رام رمیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-28

کانگریس کا جلد احیا راہول عظیم تر رول نبھائیں گے - سینئر قائد جئے رام رمیش

نئی دہلی
یو این آئی
سینئر کانگریس قائد اور سابق مرکزی وجئے را م رمیش نے آج کہا کہ عنقریب ان کی پارٹی کا احیاء عمل میں آئے گا اور اس کے نائب صد رراہول گاندھی ایک زیادہ اہم اور عظیم تر رول ادا کریں گے ۔ رمیش نے ایک ٹی وی چیانل کو انٹر ویو دیتے ہوئے تاہم کہا کہ وہ یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتے کہ راہول گاندھی کو کانگریس کا صدر بنایاجائے گا یا نہیں ۔ سابق وزیر دیہی ترقی نے کہا کہ کانگریس کے احیاء کا بلو پرنٹ جلد منظر عام پر آئے گا۔ راہول گاندھی یہ منصوبہ تیار کررہے ہیں وہ پارٹی کے احیاء کے منصوبہ پر کام کررہے ہیں ۔ وہ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ وہ کیا ہیں اور انہوں نے کیا غلطیاں کی ہیں ۔ راہول کے رخصت حاصل کرنے کی حد سے زیادہ تشہیر کے بارے میں رمیش نے کہا کہ راہول کا حد سے زیادہ تجزیہ کیاجارہا ہے ۔ جئے را م رمیش پارٹی کے تیسرے اہم لیڈر ہیں جنہوں نے نہرو خاندان کے وارث کی ستائش کی ہے ۔ اور مستقبل میں پارٹی کے اس سرکردہ عہدہ پر انہیں ترقی دئیے جانے کا اشارہ دیا ہے ۔ قبل ازیں چہار شنبہ کو سینئر پارٹی قائدین ڈگ وجئے سنگھ اور کمل ناتھ نے بھی راہول گاندھی کے بارے میں مماثل باتیں کہی تھیں ۔ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ آئندہ چند ماہ میں انہیں کوئی بڑا پارٹی عہدہ دیاجاسکتا ہے ۔ پارٹی کے بعض قائدین کا ماننا ہے کہ یکم اپریل تک بھی ایسا ہوسکتا ہے تاہم پارٹی صدر سونیا گاندھی نے اس مسئلہ پر ہنوز لب کشائی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کل کہا کہ جب راہول کو پارٹی کا صدر بنایا جائے گا تو سب کو اس کی اطلاع دی جائے گی۔اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق سابق وزیر قانون اشونی کمار نے آج کہا کہ سونیا گاندھی نے پارٹی کی بے مثال قیادت کی ہے ۔ لیکن اس بات کا اعتراف کیا کہ بعض مسائل پر ان کے اور پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی کا نقطہ نظر مختلف ہوسکتا ہے ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کو ریٹائر ہونے کے مشورہ کو’’مکمل طور پر غیر ضروری اور بد ذوقی پر مشتمل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نازک موڑ پر پارٹی کو اجتماعی قیادت درکار ہے ۔

Cong to revive soon ; Rahul to emerge in a larger role: Ramesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں