کیرولینا شوٹنگ واقعہ انتہائی ظالمانہ اور شرمناک - اوباما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-15

کیرولینا شوٹنگ واقعہ انتہائی ظالمانہ اور شرمناک - اوباما

واشنگٹن
یو این آئی
صدر امریکہ بارک اوباما نے شمالی کیرولینا ریاست میں3مسلم طلبا کے گھناؤنے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اوباما نے کل جاری بیان میں کہا کہ کوئی بھی شخص چاہے وہ جو بھی ہو، چاہے وہ جیسا بھی نظر آئے اور چاہے جس مذہب سے تعلق رکھتا ہو اسے امریکہ میں اس طرح نشانہ نہیں بنایاجانا چاہئے ۔ ضیا برکات(23) کی اہلیہ یسر محمد(21) اور بہن رزن محمد ابو صالح(19) کو ان کے پڑوسی کریگ اسٹیفن ہگس(46)نے قتل کردیا تھا ۔ کریگ کے فیس بک سے پتہ چلا ہے کہ وہ مذہب مخالف نظریہ رکھتا تھا ور اسی وجہ سے اس نے اپنے پڑوس میں رہنے والے مسلم خاندان کے 3افراد کو قتل کردیا ۔ کریگ کے خلاف 3افراد کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اگر وہ قصور وار ثابت ہوتا ہے تو امریکی قانون کے مطابق اسے سزائے موت یا غیر ضمانتی عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔اوباما نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ امریکہ میں کسی کو بھی اس بنیاد پر ہدف نہیں بنایاجاسکتا کہ وہ کون ہے ، کیسا لگتا ہے یا کس طرح عبادت کرتا ہے ۔ اوباما نے اس بات کی بھی توثیق کی ہے کہ امریکی فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے ان ہلاکتوں کی تحقیقات شروع کردی ہے ، یہ طے کرنے کے لئے آیا وفاقی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی ۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس ترجمان ، جوش ارنیسٹ نے ایک بیان میں بتایا کہ ایف بی آئی نے3افراد کے اس قتل کے واقعہ کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہے۔ کل اخباری بریفینگ میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ مقامی حکام کی جانب سے جاری تحقیقات کے علاوہ ، ایف بی آئی یہ بات طے کرنے پر توجہ دے رہی ہے آیا وفاقی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی ۔ مقتولین کے افراد خاندان اور احباب نے گولی مار کر ہلاک کئے جانے کے اس واقعہ کو نفرت پر مبنی(ہیٹ کرائم) قرار دیا ہے ۔2بہنوں کو جن میں ایک کا شوہر بھی قتل ہوا ، منگل کو چیپل ٹاؤن ہل میں یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کے باہر ایک اپارٹمنٹ کامپلکس میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا ۔ ایف بی آئی کے نارتھ کیرولینا کے فیلڈ آفس نے ایک بیان میں بتایا کہ 3افراد کے قتل سے متعلق ثبوت کی تفتیش کی غرض سے ایف بی آئی چیپل ہل ک محکمہ پولیس کو درکار مدد فراہم کررہی ہے ۔

Obama: Chapel Hill Murders 'Brutal And Outrageous'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں