پارلیمنٹ بجٹ اجلاس - مختلف مسائل پر حکومت کو اپوزیشن کی مخالفت کا سامنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-22

پارلیمنٹ بجٹ اجلاس - مختلف مسائل پر حکومت کو اپوزیشن کی مخالفت کا سامنا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس جو پیر سے شروع ہورہا ہے ، توقع ہے کہ کافی ہنگامہ خیز رہے گا ، جہاں نریندر مودی کو6آرڈیننس کو بلوں میں تبدیل کرنے کے لئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اپوزیشن ، حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے ان6آرڈیننس کی زبردست مخالفت کررہی ہے۔ خاص طور پر دہلی کے انتخابات میں بر سر اقتدار بی جے پی کی ناکامی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں خاص طور پر راجیہ سبھا میں جہاں حکومت کی نمائندگی کم ہے ، اپوزیشن کو کافی مضبوط بنا دیا ہے ۔ کئی اپوزیشن جماعتوں نے ابھی سے حکومت پر ’’آرڈیننس راج‘‘ کاالزام لگانا شروع کردیا ہے ۔ پرسوں سے شروع ہونے والا پارلیمنٹ کا یہ بجٹ اجلاس 3مہینہ تک چلے گا اور اس دوران حکومت اپنا مکمل بجٹ پیش کرے گی ۔ اس طرح متعدد مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے لئے اپوزیشن کے پاس کافی وقت ہے ۔ خاص طور پر بی جے پی کے قائدین اور سنگھ پریوار کے چند ارکان کی جانب سے حالیہ دئیے گئے متنازعہ بیانات پ ارلیمنٹ میں حکومت کے لئے پریشانی کھڑی کرسکتے ہیں ۔ اپوزیشن قائدین کے بیانات سے ایسا نہیں لگتا کہ وہ بی جے پی حکومت کو نشانہ بنانے میں کوئی کسر باقی رکھیں گے ۔ پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کل دوپہر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اپوزیشن قائدین کا ایک اجلاس طلب کیاہے جس میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے بھی اسی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو عشائیہ پر مدعو کیا ہے جس میں وہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو پرسکون چلانے میں ان کا تعاون طلب کریں گی ۔
پارلیمنٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 20مارچ تک چلے گا جب کہ دوسرے مرحلہ کا آغاز20اپریل سے ہوگا ۔ اجلاس کا اختتام8مئی کو ہونے والا ہے ۔ اس دوران حکومت بجٹ پیش کرنے کے بعد آرڈیننس پرچھ بلوں کو منظوری دلانے کی کوشش کرے گی ۔ خاص طور پر کوئلہ اور انشورنس کے شعبہ پر جو آرڈیننس جاری کئے گئے ، انہیں بلوں میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت پر کافی دباؤ ہے ۔ حکومت نے ان شعبوں میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے آرڈیننس جاری کئے تھے ۔ اس اجلاس کے دوران ریلوے بجٹ بھی پیش کیاجائے گا۔ پہلے مرحلہ میں26اجلاس ہوں گے، دوسرے مرحلہ میں19اجلاس ہوں گے ۔ 23فروری سے بجٹ اجلاس کے آغاز سے ایک دن قبل سابق وزیر جئے رام رمیش نے گوتم بدھا نگر ضلع کے چورولی گاؤں میں ایک کسان مہا پنچایت سے خطاب کریں گے ۔ جس میں اراضی اصلاحات پر حکومت کے آرڈیننس کو نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے ۔ انا ہزارے بھی پیر سے جنتر منتر پر اس آرڈیننس کے خلاف احتجاج شروع کرنے والے ہیں ۔ اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی نے اس احتجاج میں شرکت کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔

Budget session: Govt set to face tough times in Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں