دہلی میں برقی شرح میں نصف کٹوتی - 20 ہزار لیٹر پانی مفت - کجریوال حکومت کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-26

دہلی میں برقی شرح میں نصف کٹوتی - 20 ہزار لیٹر پانی مفت - کجریوال حکومت کا اعلان

دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے2اہم انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ماہانہ400یونٹس تک کے برقی صرفہ پر50فیصد سبسیڈی دی جائے گی اور تمام گھرانوں کو ماہانہ20ہزار لیٹر پانی مفت سربراہ کیاجائے گا ۔ اس سے سرکاری خزانہ پر سالانہ لگ بھگ1670کروڑ روپے کا بوجھ عائد ہوگا ۔ سبسیڈی اور پانی کی مفت سربراہی کی اسکیم پر عمل اتوار یکم مارچ سے ہوگا ۔ دونوں اسکیموں کے بارے میں فیصلہ آج کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت اروند کجریوال نے کی اور کہا کہ’’ ہم نے برقی شرحوں کو آدھا کرنے اور پانی مفت سربراہ کرنے کے اپنے وعدوں کی تکمیل کردی ہے۔ ہم اپنے دیگر وعدے بھی پوری کریں گے۔ ڈیٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام صارفین کو جن کا برقی صرفہ ماہانہ400یونٹس سے زیادہ نہ ہوگا، شرحوں میں50فیصد سبسیڈی مللے گی ۔ اس اسکیم سے لگ بھگ36 لاکھ صارفین یا جملہ صارفین کی90فیصد تعداد کو فائدہ ہوگا تاہم اگر برقی صرفہ400 یونٹوں سے زیادہ ہوجائے تو زیرو اساس سے مکمل چارجس ادا کرنے ہوں گے۔ سسوڈیا نے کہا کہ برقی ترسیل کرنے والی کمپنیوں کے مالیہ پر سی اے جی کی رپورٹ کی وصولی کے بعد سبسیڈی اسکیم پر نظر ثانی کی جائے گی۔ سربراہی آب اسکیم پر سسوڈیا نے بتایا کہ ان تمام گھرانوں کو جہاں کارکرد آبی میٹرس ہیں،20ہزار لیٹر پانی مفت سربراہ کیاجائے گا۔ اس فیصلہ سے لگ بھگ18لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا تاہم اگر ماہانہ صرفہ20ہزار لیٹر سے متجاوز ہوجائے تو سارے سربراہ کردہ پانی کے چارجس ادا کرنے ہوں گے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ برقی شرحوں پر50فیصد سبسیڈی اور پانی کی مفت سربراہی کی اسکیمات اے اے پی کی پہلی حکومت کے دوران شروع کی گئی تھیں لیکن گزشتہ سال14فروری کو کجریوال حکومت کے استعفیٰ کے بعد یہ اسکیمیں منقطع ہوگئی تھیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ پانی کی مفت سربراہی کو گروپ ہاؤزنگ سوسائٹیوں تک بھی وسعت دی جارہی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت تمام صارفین کو دیگر کوئی چارجس بشمول سیوریج چارجس ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاعات کے بموجب اروند کجریوال نے آج کمپڑولر اینڈ آڈیٹر جنرل(سی اے جی) ششی کانت شرما سے ملاقات کی اور برقی ترسیل کرنے والی خانگی کمپنیوں کے مالیہ کی، آڈیٹر کے ذریعہ جانچ پڑتال کے موقف پر تبادلہ خیال کیا۔ اس جانچ پڑتال کا حکم، اے اے پی حکومت نے سال گزشتہ اپنے49دنوں کی مدت کے دوران دیا تھا۔

Delhi government slashes power tariffs by 50%; announces 20000 litres free water

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں