پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا 23 فروری سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-20

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا 23 فروری سے آغاز

نئی دہلی
یو این آئی
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس پیر23فروری سے شروع ہورہا ہے ۔ حکومت اس کے لئے پوری تیاری کررہی ہے ۔ اس اجلاس میں اہم بلز پیش کئے جائیں گے جو اہم معاشی اصلاحات سے متعلق آرڈیننسوں کی جگہ لیں گے ۔ کوئلہ بلاک الاٹمنٹ اور حصول اراضی جیسے بعض متعلقہ مسائل بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے ۔ راجیہ سبھا میں حکومت کو چونکہ اکثریت حاصل نہیں ہے اس لئے اس کو بلز کی منظوری میں مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے کیونکہ بعض اہم بلز ، سرمائی اجلاس میں منظور نہیں کرائے جاسکے تھے ۔ گزشتہ اجلاس سے اپوزیشن ارکان کی تعدادغیر متبدل ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اپوزیشن قائدین ، دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد سے مزید جارحانہ حکمت عملی کو قطعیت دے رہے ہیں ۔ حکومت کی پالیسیوں بالخصوص اس کے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے مسئلہ پر اپوزیشن ارکان پورے زوروشورسے سوالات کریں گے ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ انشورنس بل اور کوئلہ کی کانکنی کے الاٹمنٹ سے متعلق بل کی منظوری کے لئے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی طلبہ کے امکانات کو مسترد نہیں کیاجاسکتا ۔ گزشتہ مئی سے حکومت نے آرڈیننس جاری کرنے کے طریقہ کو10مرتبہ استعمال کیا ۔ امکان ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی مشترکہ حکمت عملی کو قطعیت دینے پارلیمنٹ کے اجلاس کے آغاز سے قبل اپنا اجلاس منعقد کریں گے ۔ یہ حکمت عملی ، حصول اراضی سے متعلق بل کو روکنے سے متعلق ہوگی۔ دریں اثثناء اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے اتوار22فروری کو ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ لوک سبھا کی کارروائی کو بلا روک ٹو ک جاری رکھنے کے لئے اپوزیشن کا تعاون حاصل کیاجائے ۔ حکومت زائد از20قانون سازی بلز پر کام کررہی ہے۔ ان میں سے2بلز، انسداد رشوت ستانی سے متعلق اور 6بلز ، آرڈیننس کی جگہ لینے کے لئے ہیں ۔ ان بلز کو گزشتہ پیر کو ایک اجلاس میں قطعیت دی گئی ۔ یہ اجلاس، وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے طلب کیا تھا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، وزیر قانون سدانند گوڑا، وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی اور مختلف وزارتوں کے سکریٹریز نے اس اجلاس میں شرکت کی تھی ۔ آرڈیننس کی جگہ لینے والے6بلز تیار ہیں اور امید ہے کہ حکومت، بجٹ اجلاس کے نصف اول میں ان بلز کو پیش کرے گی۔(بجٹ اجلاس آئندہ20مارچ تک جاری رہے گا۔)پارلیمنٹ میں پیشکشی اور منظوری کے لئے زائد از20بلز کی شناخت کی گئی ہے ۔ انسداد رشوت ستانی ایکٹ (ترمیمی بل) اور لو ک پال و لوک ایوکت ایکٹ( ترمیمی بل) پیش کئے جائیں گے ۔ یہاں یہ بات بتاد ی جائے کہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ(ترمیمی بل) راجیہ سبھا میں منظوری طلب ہے جب کہ لوک پال ایکٹ ، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنوز پیش کیاجانا ہے ۔ بعض دیگر بلز کو بھی پیش کئے جانے یا منظور کئے جانے کی تجویز ہے۔ ان بلز میں کمپنیز(ترمیمی) بل2014دہلی ہائی کورٹ ،(ترمیمی) بل2014، تنسیخی اور ترمیمی (دوسرا) بل 2014اور آندھرا پردیش تنظیم جدید( ترمیمی ) بل2015شامل ہیں۔ کمپنیز ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور ہوچکا ہے ۔

Budget Session of Parliament begins on February 23

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں