عام آدمی کو سوپر اسپیشالٹی طبی خدمات - کے سی آر کا عزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-29

عام آدمی کو سوپر اسپیشالٹی طبی خدمات - کے سی آر کا عزم

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ان کی حکومت عام آدمی کو سوپر اسپیشالٹی طبی خدمات کی فراہمی کا عزم رکھتی ہے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈاکٹرس اور نیم طبی ارکان عملہ سے تعاون طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو عصری طبی خدمات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل کو سوپر اسپیشالٹی سہولتوں سے لیس کردیاجائے گا کیونکہ ریاست کے کونے کونے سے مختلف امراض کے علاج کے لئے سینکڑوں لوگ ان دواخانوں کو پہنچتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں کو اپ گریڈ کیاجائے گا ۔ کے سی آر نے ریاستی وزیر صحت و طبابت سی لکشما ریڈی ، رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ، تلنگانہ گورنمنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے صدر نشین ڈی ویر یشم اور دیگر کے ہمراہ سکریٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں ایرہ گڈہ چیسٹ ہاسپٹل ایمپلائزیونین کے صدر رویندر گوڑا اور دوسروں نے بھی شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نئے بجٹ میں شعبہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کیاجائے گا ۔ اسی دوران تلنگانہ ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے صدر نشین ڈاکٹر ویریشم اور دیگر عہدیداروں نے جنہوں نے چیف منسٹر سے علیحدہ ملاقات کی ، ایرہ گڈ ٹی بی اینڈ چیسٹ ہاسپٹل کو وقار آباد منتقل کردینے ریاستی حکومت کے فیصلہ کی تائید کی ۔ واضح ہو کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رؤ نے اس دواخانہ کو شہر سے70کلو میٹر دور وقار آباد منتقل کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ گورنمنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے صدر ویرپشم نے کہا کہ ٹی بی اینڈ چیسٹ ہاسپٹل کے چندر آندھرائی ڈاکٹرس ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس فیصلہ کی مخالفت کررہے ہیں۔
ان کی مخالفت میں بد نیتی شامل ہے اور وہ ناپاک عزائم کے تحت اس فیصلہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے علاج کے لئے آلودگی سے پاک اور صاف ستھرا ماحول درکار ہوتا ہے ۔ ایک ایسی جگہ پر ٹی بی ہاسپٹل کا قیام سود مند ثابت ہوگا جہاں صاف ستھری آب و ہوا موجود ہو ۔ ایرہ گڈہ ٹی بی ہاسپٹل اب شہری حدود میں آچکا ہے ۔ اور اس دواخانہ میں مریضوں کو تازہ ہوا نہیں ملتی۔ دواخانہ کی آلودگی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں دمہ کے مریضوں کو جو دوائیں دیجارہی ہیں وہ موثر ثابت نہیں ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں تیقن دیا ہے کہ وقار آباد میں طبی عملہ کو دواخانہ کے قریب رہائشی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ یہ دواخانہ120ایکر اراضی پر تعمیرکیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نیل گری ہلز کی ایک پہاڑی پر پہلے سے ایک دواخانہ موجود ہے اور اسے ٹی بی اینڈ چیسٹ ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کے لئے صرف چند سہولتوں کا اضافہ کرنا پڑے گا۔

AIM to bring super speciality medical services to common people: KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں