روزگار کے متلاشی ایک لاکھ افراد کو ملازمت کا کورس - سعودی وزارت محنت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-02

روزگار کے متلاشی ایک لاکھ افراد کو ملازمت کا کورس - سعودی وزارت محنت

جدہ
سعودی پریس ایجنسی
وزیر محنت انجینئر عادل فقیہ نے واضح کیا ہے کہ روزگار کے متلاشی ایک لاکھ افرادکو تعلیم و تربیت دے کر ملازمت کے قابل بنایاجائے گا ۔ انہیں ملازمت کے کورس کرائے جائیں گے ۔ روزگار تربیت کورس سے بر سر روزگار سعودی بھی استفادہ کرسکیں گے ۔ یہ پروگرام آئندہ تین برسوں کے دوران نافذ کیاجائے گا ۔ 2015ء کے دوران وزارت تجارت و صنعت ، وزارت خزانہ اور وزارت اقتصاد و منصوبہ بندی کے ساتھ رابطہ کر کے سات پروگرام نافذ کئے جائیں گے ۔ وزارت محنت نے اچوتھے کام انجام دینے اور رہنما کارکردگی کے مظاہرے پر نوجوانوں کو آمادہ کرنے کے لئے36پروگرام تیار کئے ہیں۔ مذکورہ سات کا تعلق انہی سے ہوگا ۔ وزیر محنت نے بتایا کہ نطاقات نے نجی اداروں میں سات لاکھ50ہزار سعودیوں کو روزگار دلایا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ نطاقات پروگرام کے تحت پہلے7فیصد سعودائزیشن کی گئی تھی اب سعودائزیشن کی شرح15.6فیصد کردی گئی ہے ۔ وہ جمعرات کو کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ میں فیکلٹی آف اکنامک اینڈ مینجمنٹ کی میزبانی میں محنت کاروں اور محنت کی پالیسیوں کے زیر عنوان اکیڈمک مباحثے میں شریک تھے ۔ فقیہ نے بتایا کہ بے روزگار وں کی تعداد6لاکھ50ہزار تک پہنچ چکی ہے ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ وزارت محنت اور محکمہ شماریات کے جاری کردہ اعداد وشمار میں تضاد کی وجہ یہ ہے کہ ہم لوگ روز گار کے متلاشی افراد کی معلومات جمع کرنے والے’’حافز‘‘ پر انحصار کرتے ہیں جبکہ محکمہ شماریات عالمی ادارہ محنت کے فارمولے کو مد نظر رکھ کر بیروزگار وں کے اعداد و شمار پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نطاقات پروگرام سعودی مارکیٹ کو58کاموں میں تقسیم کئے ہوئے ہے۔ یہ پانچ قسم کے حجم اور290درجوں کے ہیں۔84فیصد نجی ادارے محفوظ نطاق میں ہیں۔10لاکھ سے زیادہ سعودی نجی اداروں میں تین ہزار ریال سے زیادہ تنخواہ پر کام کررہے ہیں جب کہ اس سے کم تنخواہ پر کام کرنے والوں کی تعداد74ہزار کی ہے۔ وزیر محنت نے بتایا کہ یکم رجب سے نطاقات پروگرام تین نافذ ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں