کرپشن کی شکایات - تلنگانہ سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-15

کرپشن کی شکایات - تلنگانہ سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمات

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکیمات پر عمل آوری اور کرپشن کی شکایات سے متعلق کال سنٹر کے آغا ز پر روزانہ تقریباً2ہزار کالس موصول ہورہی ہیں، اس سے کرپشن کی اوسطاً500شکایات مل رہی ہیں ۔کال سنٹر پر کل تقریباً10ہزار شکایات میں سے499کرپشن کی شکایات موصول ہوئیں جس میں سرٹیفکیٹس کی اجرائی، وظائف کی منظوری ، امکنہ کی منظوری، پٹی دار پاس کی اجرائی، ٹرانسفارمر کی تنصیب جیسی شکایات میں کرپشن کا تذکرہ کیا گیا ۔ تمام شکایات کنندوں کی تفصیلات کے ساتھ محکمہ میں کام کرنے والے عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ کال سنٹر پر موصول ہونے والی شکایات میں سے کرپشن کی شکایات کا اینٹی کرپشن بیورو روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے گا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کو روزانہ ان شکایتوں کی تفصیلات حاصل کرکے متعلقہ اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کے ساتھ اشتراک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جناب عبدالقیوم خاں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو تلنگانہ نے آج104کال سنٹر کا دورہ کرکے یہاں موصول ہونے والی شکایتوں کی تفصیلا ت حاصل کیں ۔ جس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر متعلقہ محکمہ کے ملازمین کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں ، اور محکمہ جاتی کارروائی جیسے معطلی کی سفارش کی جارہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے بد عنوانیوں کو ختم کرنے کا یہ بہترین پروگرام ہے جس کا چیف منسٹر نے آغاز کیا ہے ۔ اے کے خان نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ ورنگل کے بعد سے اس کال سنٹر کا آغاز کیا گیا اور غیر معمولی رد عمل پر مزید 30ٹیلی فون لائنس نصب کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ104کال سنٹر کے لئے اینٹی کرپشن بیورو کی ایک کورٹیم بنائی گئی ہے جو روزانہ کی تفصیلات چیف منسٹر اور اعلیٰ عہدیداروں کو فراہم کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ شکایات نلگنڈہ سے موصول ہوئی ہیں اور سب سے کم عادل آباد سے ملی ہیں۔ حیدرآباد سے ملنے والی شکایات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ دواخانہ عثمانیہ ، جی ایچ ایم سی ، واٹر ورکس میں کرپشن سے متعلق شکایات ملی ہیں ۔

corruption cases against Telangana's govt employees

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں