اردو یونیورسٹی طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کا عزم - نئے چانسلر کا مانو میں خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-15

اردو یونیورسٹی طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کا عزم - نئے چانسلر کا مانو میں خطاب

MANUU-New-Chancellor-visit
کسی بھی قوم کا وجود اس کی زبان سے ہے۔ زبان اگر فراموش کردی گئی تو قوم کی پہچان ختم ہوجائے گی۔ تعلیم کے بغیر کسی بھی قوم کی ترقی ممکن نہیں۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے تقرر کو میں نے ایک بھاری ذمہ داری اور خدمت کے موقع پر طور پر قبول کیا ہے۔ یونیورسٹی کو ایک بین الاقوامی معیار کی دانشگاہ بنانے میں ہر ممکن کوشش کروں گا۔ جناب ظفر سریش والا، نئے چانسلر نے آج اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور عہدیداروں کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ چانسلر کی حیثیت سے تقرر کے بعد وہ آج پہلی مرتبہ یونیورسٹی کیمپس کے دورے پر پہنچے، جہاں پروفیسر محمد میاں، وائس چانسلر نے ان کا گرم جوشانہ خیر مقدم کیا۔ جناب سریش والا نے ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعاتِ دکن کی نئی عمارت کا بھی افتتاح انجام دیا۔ تبادلہ خیال کی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے جناب سریش والا نے اپنی گفتگو کا آغاز تلاوت کلام پاک اور درود شریف سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم پنپ نہیں سکتی۔ مسلمانوں کی ترقی کا ایک ہی طریقہ ہے کہ انہیں پڑھاؤں اور آگے بڑھاؤ۔ اب جبکہ انہیں یونیورسٹی کی خدمت کا موقع ملا ہے وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ مانو کو عالمی سطح پر ایک ممتاز دانشگاہ کی پہچان حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی کمی نہیں ہے لیکن انہیں مارکٹ کی ضروریات کے تحت ڈھالنا ہوگا۔ انہیں ہنر میں نکھار پیدا کرنا ہوگا۔ اردو کا فروغ صرف اردو پڑھانے سے نہیں بلکہ اردو طلبہ کو روزگار کی ضرورتوں کے پیش نظر تعلیم دینے سے ہوگا۔ جناب سریش والا نے جو گجرات کے ممتاز صنعت کار ہیں، اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونیورسٹی کے طلبہ کے روزگار کے مواقع میں اضافہ کے لیے اپنے صنعتی روابط اور تعلقات بروئے کار لائیں گے۔ مختلف ادارے جس میں بامبے اسٹاک ایکسچینج شامل ہیں، بی کام طلبہ کے لیے مختلف کورسز چلاتے ہیں۔ وہ بھی مانو کے طلبہ کو تعلیم فراہم کرنے تیار ہیں۔ بہت جلد ہم ان سے بھی اس سلسلے میں بات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر برائے فروغ انسانی وسائل محترمہ اسمرتی ایرانی نے انہیں تیقن دیا کہ وہ مانو کی ترقی میں ہر ممکنہ مدد کریں گی۔ انہوں نے اسٹاف سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ اپنا کام محنت و ایمانداری سے کیجئے، میں بھی اپنا کام محنت و ایمانداری سے کروں گا۔ اس طرح یونیورسٹی کو کافی آگے لے جاسکیں گے۔ لارڈ میگھناتھ دیسائی نے بھی اردو یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے اپنی خدمات کا پیشکش کی۔ پروفیسر محمد میاں، وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ جو لوگ فینانس کو جانتے ہیں انہیں شریعت کے متعلق معلومات کم ہوتی ہیں اور جو شریعت جانتے ہیں وہ فینانس سے ناواقف ہوتے ہیں۔ جناب ظفر سریش والا نے ہندوستان میں اسلامی بینکنگ کو فروغ دینے کے لیے کافی کام کیا ہے۔ ان کی سرپرستی میں یونیورسٹی ایسے افراد تیار کرسکتی ہے جو شریعت اور فینانس دونوں سے واقف ہوں۔ اس کے لیے شعبۂ مینجمنٹ و کامرس اور دیگر شعبے نمایاں رول ادا کرسکتے ہیں۔ پروفیسر محمد میاں نے یونیورسٹی کی تفصیلی رپورٹ پاور پوائنٹ کے ذریعہ پیش کی۔ اس میں یونیورسٹی کے اسکول، شعبہ جات، مراکز ، کورسز وغیرہ کی تفصیلات شامل تھیں۔ ابتداء میں ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد، پرو وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں چانسلر صاحب کا خیر مقدم کیا اور تعارف بھی پیش کیا۔ انہوں نے جناب ظفر سریش والا کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2002 کے گجرات فسادات کے شکار افراد کی باز آباد کاری میں جناب ظفر سریش والا نے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کئی نوجوانوں جن میں کئی مساجد کے امام بھی شامل تھے اور وہ جھوٹے مقدمات میں پھنسے ہوئے تھے انہیں رہا کروانے میں بھی نمایاں رول ادا کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ظفر سریش والا کی مانو سے وابستگی کے باعث یہاں کے طلبہ کو کارپوریٹ دنیا میں نوکریوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر فہیم اختر ندوی، صدر شعبۂ اسلامیات کی قرأت کلام پاک و ترجمہ سے ہوا۔ جناب سریش والا گجرات کی مساجد میں ریتیلے پتھر سے بنی ہوئی جالیوں کا نمونہ یونیورسٹی کو تحفہ میں دیا۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری، کنٹرولر امتحانات نے شکریہ ادا کیا۔ عابد عبدالواسع، پبلک ریلیشنز آفیسر نے کاروائی چلائی۔ آج دوپہر جناب ظفر سریش والا نے ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعہ دکن کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، ڈائرکٹر مرکز نے عمارت کا معائنہ کروایا اور انہیں مرکز کی جانب سے تالیف کردہ کتا بیں بھی پیش کیں۔ بعد ازاں جناب چانسلر نے پروفیسر محمد میاں کے ہمراہ اردو مرکز، پالی ٹیکنیک، آئی ٹی آئی، میڈیا سنٹر کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی نمائندہ انجمنوں کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال بھی کیا۔

Newly appointed Chancellor Mr. Zafar Sareshwala visited MANUU

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں