پشاور اسکول سے پیرس کی سڑکوں تک دہشت گردوں کے تعاقب کا عہد - اوباما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-22

پشاور اسکول سے پیرس کی سڑکوں تک دہشت گردوں کے تعاقب کا عہد - اوباما

واشنگٹن
پی ٹی آئی؍آئی اے این ایس
صدر بارک اوباما نے پاکستان سے پیرس کی سڑکوں تک دہشت گردوں کا تعاقب کرنے اور انہیں کونے کونے سے ڈھونڈ نکالنے کا عہد کرتے ہوئے کانگریس سے داعش جنگجوؤں کے خلاف جنگی اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کردی کہ ایران پر اس کے متنازعہ نیو کلیر پروگرام کے حوالہ سے نئی تحدیدات عائد کرنے کے بجائے داعش پر توجہ مرکوز کرنے کی زیادہ ضرورت ہے ۔ ہم ان تمام افراد اور اقوام کے ساتھ تعاون اور اتحاد کے پابند ہیں ، جنہیں دہشت گردوں نے پاکستان میں فوجی اسکول سے پیرس کی سڑکوں تک نشانہ بنایا ہے ۔ اوباما نے دورہ ہند سے چند روز قبل سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس میں خطاب کے دوران اپنے احساسات کا اظہار کیا۔ تقریباً40قانون سازوں نے جن میں بیشتر ڈیموکریٹس شامل ہیں، زرد رنگ کی پنسل لہرا کر پشاور حملہ میں150اور پیرس حملہ میں17متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یہاں یہ وضاحت ضروری ہوگی کہ فرانسیسی ہفتہ وار میگزین چارلی ہبدو کے دفتر پر حملہ کے بعد زرد پنسل آزادئی اظہار کی عالمی علامت بن گئی ہے ۔ صدر اوباما نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے نٹ ورکس کو تباہ کرنے کا عمل پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے ۔ ہماری جانب سے یکطرفہ کارروائی کے جملہ اختیارات محفوظ ہیں ۔ میں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے اور اپنے حلیفوں کے تحفظ کے لئے دہشت گردوں کے خلاف بے درد کارروائیاں کی ہیں۔ ہمیں ان دہشت گردوں کو معاف کرنے کا خیال ہرگز نہ آیا جو ہمارے اور ہمارے حلیفوں کے لئے راست خطرہ ہیں ۔ انہوں نے ساتھ ہی ساتھ یہ وضاحت بھی کردی کہ امریکہ نے عراق اور افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے اسباق حاصل کئے ہیں۔ ہم نے اپنے تجربات کی روشنی میں بڑی تعداد میں بری(زمینی) افواج کو سمندر پارر روانہ کرنے کے بجائے جنوبی ایشیاء سے شمالی افریقہ تک کے ممالک کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے جس کا مقصد ان دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا صفایا ہے جو امریکہ کے لئے باعث خطرہ ہیں ۔ عراق اور شام میں امریکی فوجی قیادت داعش کو پیش قدمی سے روک رہی ہے۔ اوباما نے یہ کہتے ہوئے قانون سازوں سے دنیا پر یہ ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ ہم اس مشن میں پوری طرح متحد ہیں ۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ اس کے برملا اظہار کے لئے جہادی اور عسکریت پسندوی گروپ کے خلاف طاقت کے استعمال سے متعلق قرار داد کی منظوری ضروری ہے ۔ ان تمام گروپس کی سرکوبی ضروری ہے جنہوں نے عراق اور شام کے وسیع تر علاقوں پر کنٹرول حاصل کرکے خلافت کا اعلان کردیا ہے ۔
اوباما نے دنیا کے مختلف علاقوں میں یہودی مخالف احساسات و جذبات کی لہر دوبارہ عام ہونے کی مذمت بھی کی ۔ اوباما نے مزید کہا کہ ہم مسلمانوں کے ایک مخصوص طبقہ کی جارحیت ہرگز برداشت نہیں کریں گے جن کی اکثریت ہمارے نظریہ امن سے متفق اور اس کی پابند ہے ۔ اوباما نے ایران کے خلاف نئی تحدیدات کے لئے کانگریس کی جانب سے نیا قانون وضع کرنے کے خلاف ویٹو کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے اب تک کی تمام پیشرفت پر پانی پھیر جائے گا۔ بات چیت میں کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ، اس لئے میں نے تمام متبادل راہیں کھلی رکھی ہیں ، جن کا نصب العین ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنا ہے ۔ ایسے موڑ پر اور ایسے نازک حالات میں ایران پر تحدیدات کے لئے قانون سازی عمل تاہم اس بات کی ضمانت( ثبوت) ہوگا کہ بات چیت ناکام ہوچکی ہے اور سفارتکاری کی ناکامی کے اعتراف کے نتیجہ میں امریکہ اپنے حلیفوں سے الگ تھلگ ہوجائے گا ۔ علاوہ ازیں یہ بات بھی یقینی طور پر محسوس کی جاسکتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایک بار پھر اپنے نیو کلیر پروگرام سے متعلق سر گرمیاں شروع کردے گا ۔ لہذا یہ فیصلہ اور یہ قدم غیر دانشورانہ ہوگا ۔ نئی تحدیدات سے متعلق بل کو ویٹو کرنے کی صرف یہی ایک وجہ ہے کہ ہماری اب تک کی تمام سفارتکاری اور اس جہت میں پیشرفت رائیگاں ہوجائے گی ۔ امریکی عوام صرف آخری حربہ کے طور پر چاروناچار جنگ کا فیصلہ اور اس کی تائید کرتے ہیں اور میں اس دانشورانہ عمل کی بے پناہ ستائش کرتا ہوں ۔ صدر اوباما نے یہ وضاحت بھی کردی کہ اقتدار پر ان کی میعاد قریب الختم ہے اور اس موڑ پر وہ کوئی نئی مہم شروع کرنے کے حق میں نہیں ۔ انہوں نے متوسط طبقہ معیشت سے وابستہ ٹیکس اصلاحات اور اطفال کے لئے مفت طبی خدمات کا خاکہ ایک بار پھر پیش کیا ۔ اگر آپ سب میری بصیرت پر مبنی وسیع تر پروگرام میں شامل ہوں تو بہتر ہے اور اگر اختلاف رائے ہے تو کم از کم ان پروگرامس میں میرا ساتھ دیں جن سے آپ متفق ہیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخری چند فقروں سے قبل کیوبا کے ساتھ معمول کے مطابق سفارتی تعلقات کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ جارحیت اور مخالفت کی پالیسی کی میعاد بہت پہلے ختم ہوچکی تھی اور اب جانب توجہ بڑی تاخیر سے دی گئی ۔

Barack Obama vows to hunt terrorists from ‘Pakistan to Paris’

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں