ممبئی میں لوکل ٹرینوں کی تاخیر - مسافرین کا پرتشدد احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-03

ممبئی میں لوکل ٹرینوں کی تاخیر - مسافرین کا پرتشدد احتجاج

ممبئی
پی ٹی آئی
تھانے اور ممبئی کے درمیان دفتری اوقات میں سب اربن ٹرینوں کی سست رفتاری اور منسوخی سے ہزاروں مسافروں نے تھانے ضلع میں احتجاج کیا اور نہ صرف توڑ پھوڑ مچائی بلکہ گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی ، پولیس کو انہیں منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ ٹرینوں کے سست رفتار سے چلنے کی وجہ سے دفتر جانے والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ ممبئی کے مختلف اسٹیشنوں میں پھنسے ہوئے تھے۔ تھانے میں ملی اطلاعات کے مطابق مسافروں نے تھانے اور کلیان کے درمیان دیوا اسٹیشن پر زبردست سنگباری کرکے اپنا غصہ نکالا ۔ مسافروں نے3گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا ان میں ایک پولیس جیپ بھی شامل تھی ۔ آگ بجھانے کے لئے فائر انجن طلب کرنا پڑا ۔ ٹرینوں کے صحیح طریقہ سے نہ چلنے سے برہم مسافرین نے سڑکوں پر ٹائر بھی جلائے ۔ تھانے سے ملی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ایک لوکل ٹرین کا موٹر مین ٹرین پر پھینکے گئے پتھر سے زخمی ہوگیا ۔ پولیس کو پتھراو کرنے والی بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کرنا پڑا ۔ پولیس کو احتجاج پر قابو پانے میں نہایت دشواری پیش آئی یہ احتجاج چار گھنٹہ تک جاری رہا ۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ ساری خرابی کوپر میں ایک لوکل ٹرین کا پنٹروگراف ٹوٹنے کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی ۔ یہ واقعہ ٹھکرولی اور ڈومبیولی کے درمیان پیش آیا جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا اور کئی ٹرینیں رک گئیں ۔ اسی دوران کلیان ، سی ایس ٹی لوکل ٹرین کا ڈرائیور جب مسافرین کی سنگباری میں زخمی ہوگیا تو تمام ڈرائیوروں نے ہڑتال کردی۔
تاہم سنٹرل اور ہاربر لائینوں پر اس وقت سرویس بحال کی جاسکی جب پولیس کی جانب سے خاطر خواہ سیکوریٹی فراہم کرنے کے تیقن کے بعد ڈرائیور ہڑتال ختم کردی۔ سنٹرل ریلوے کے پی آر او نے بتایا کہ تمام لائینوں پر سرویس بحال کردی گئی ہے ۔ اب ٹرینیں معمول کے مطابق چلائی جارہی ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ احتجاجیوں نے ٹکٹ فروخت کرنے کی 7آٹو میٹک مشینوں دیوا ریلوے اسٹیشن پر تین ٹکٹ کاؤنٹروں، لیول کراسنگ گیٹ، ڈومبیولی اسٹیشن پر ٹکٹ فروخت کرنے والی6خود کار مشینوں ، دو بکنگ کاؤنٹرس اور دس اے ایم یو ریکس کو نقصان پہونچایا ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے بتایا کہ مسافرین کو در پیش مشکلات کو دور کرنے کے لئے ریلوے کے عہدیداروں کے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ ٹرین خراب ہونے کے دوران مسافروں کا رش بڑھ جانے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے سب اربن ٹرینوں پر مسافرین کا رش بڑھ گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔

Violent protests in Mumbai over train delays

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں