چیف منسٹر مغربی بنگال تمام محاذوں پر ناکام - سبرامنیم سوامی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-11

چیف منسٹر مغربی بنگال تمام محاذوں پر ناکام - سبرامنیم سوامی

کولکتہ
آئی اے این ایس
مغربی بنگال کی ترنمول کانگریس حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) لیڈر سبرامنیم سوامی نے آج کہا کہ چیف منسٹر ممتا بنرجی کے جانے کا وقت آگیا ہے ۔ سوامی نے مرچنٹ چیمبر آف کامرس کے ایک اجلاس کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بنگلہ دیشی مداخلت کاروں کو ہندوستان کے لئے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے بنگلہ دیش سے کہا کہ وہ یا تو انہیں واپس لے یا پھر جتنے مداخلت کار یہاں داخل ہوئے ہیں اسی تناسب سے اپنی اراضی پر ہندوستان کو کنٹرول کرنے کی اجازت دے ۔ سبرامنیم سوامی نے کہا کہ نہ صرف شاردا اسکام بلکہ دیگر محاذوں پر بھی ممتا بنرجی پوری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ چاہے وہ نظم و ضبط کی برقراری کا معاملہ ہو، در اندازی روکنے یا پھر ٹھوس معاشی منصوبہ تیار کرنے کا مسئلہ ہو ۔ سوامی نے کہا کہ قبل ازیں ایک شیرنی کی طرح کمیونسٹوں کے ساتھ لڑائی کی تھی لیکن اب ان کے پنجروں میں واپس جانے کا وقت آگیا ہے ۔ میں نے ٹی وی پر بنگال کے جن حالات کا مشاہدہ کیا ہے ان کے پیش نظر میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اب ان کے جانے کا وقت آگیا ہے ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ بنگلہ دیش کی تقریباً ایک تہائی آبادی ہندوستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہوچکی ہے ۔ سوامی نے مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیش یا تو انہیں واپس لے یا اپنی اراضی کے اتنے حصہ سے دستبردار ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کے دوران ہم نے اپنی اراضی دے دی تھی، کیوں کہ وہ علیحدہ ملک کے خواہاں تھے لیکن اب بنگلہ دیش کے تقریباً ایک تہائی لوگ ہندوستان میں مقیم ہیں لہذا بنگلہ دیش کو چاہئے کہ وہ اپنے لوگوں کوا واپس لے یا پھر اتنی ہی اراضی ہندوستان کے حوالے کردے ۔ انکم ٹیکس کی برخاستگی کی وکالت کرتے ہوئے سوامی نے کہا کہ جون سے حکومت ان تمام افراد کے ناموں کا انکشاف کرنا شروع کردے گی جنہوں نے بیرونی ممالک میں کالا دھن چھپا رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس وصول کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے کیونکہ ہندوستان کوئلہ بلاکس یا اسپکٹرم کی نیلامی کے ذریعہ کافی مالیہ حاصل کرسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ بیرونی ممالک میں جمع کالے دھن کو واپس لاتے ہوئے بھی ملک کو چلایاجاسکتا ہے ۔ اس بات کا تیقن دیتے ہوئے کہ بی جے پی کالے دھن کو واپس لانے کے اپنے وعدے کی تکمیل کررہی ہے ، سوامی نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کیا ہے اور پیسہ حاصل کرنے کے موثر اقدامات تجویز کیے ہیں ، جون کے بعد کھاتہ داروں کے نام ظاہر کرنے کا عمل شروع ہوگا۔

Time for Mamata to go, says Subramanian Swamy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں