تلنگانہ ریاستی حکومت ضلع ورنگل کی ترقی کے لئے سنجیدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-11

تلنگانہ ریاستی حکومت ضلع ورنگل کی ترقی کے لئے سنجیدہ

ورنگل
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج مسلسل تیسرے دن ضلع ورنگل کے دورہ میں مصروف رہے۔ انہوں نے آج مقامی رکن پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ ملاقات کی اور ضلع کے مختلف ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ کے سی آر نے صبح میں ٹی آر ایس پولیٹ بیورو رکن کیپٹن لکشمی کانت راؤ کی رہائش گاہ پر ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا ، ریاستی وزیر قبائلی بہبود اجمیرا چندو لال ، رکن پارلیمنٹ کٹریم سری ہری ، ارکان اسملی ونئے بھاسکر اور کونڈا سریکھا کے علاقہ ضلع کلکٹر جی کشن ، کمشنر بلدیہ اور ورنگل رورل ایس پی امبر کشور جھا کے ساتھ مختلف ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دن بھر کے دوران ضلع کی مختلف تنظیموں کے نمائندے کے سی آر سے ملاقات کے لئے پہنچے رہے ۔ دوپہر کے وقفہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا قافلہ پرکال روانہ ہوا جہاں انہوں نے غریب نگر گرام پنچایت کا پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی یکسوئی کے لئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں ۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی دھرما ریڈی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ضلع ورنگل کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے۔ غریب نگر کا نام یہاں کے عوام کو شرمندہ کرنے کا موجب ہے ، اس لئے آج سے اس علاقہ کا نام امیر نگر ہوگا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر جی کشن کو طلب کر کے فوری موضع کا نام غریب نگر سے تبدیل کر کے امیر نگر رکھنے کی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ موضع کے بیشتر عوام کو وظائف اور راشن کارڈ کی تقسیم عمل میں آچکی ہے اور جن خاندانوں کو وظائف نہیں ملے ہیں انہیں جلد وظائف او ر راشن کارڈ فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ امیر نگر میں ہر قسم کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ پکی سڑکیں ہوں گی اور گھر گھر پینے کے پانی کے کنکشن ہوں گے ۔ امیر نگر کی کسی خاتون کو بکٹ یا گھڑا لے کر پانی کے لئے گھر سے باہر نکلنا نہیں پڑے گا ۔ اور ہر گھر تک پانی کی سربراہی یقینی بنائی جائے گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرینج کا معقول نظام ہوگا ۔ مٹی کی سڑکوں کو سی سی روڈس میں تبدیل کردیاجائے گا ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اندرون4ماہ موضع میں تمام ترقیاتی کام مکمل کرلئے جائیں ۔ اس موقع پر انہوں نے ازراہ مزاح کہا کہ اگر میرے وعدوں کی تکمیل میں یہاں کے رکن اسمبلی ناکام ہوجاتے ہیں تو انہیں مستعفی ہونا پڑے گا ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ امیر نگر کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے دوبارہ یہاں آئیں گے ۔ میں اس وقت تک چین کی نہیں سو سکتا جب تک کہ امیر نگر کے عوام کو خوشحال نہ دیکھ لوں ۔ اس موقع پر انہوں نے تمام عہدیداروں سے کہا کہ وہ امیر نگر کے ترقیاتی کاموں کا فوری آغاز کریں ۔

دریں اثنا حیدرآباد سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بی جے پی کے تلنگانہ جنرل سکریٹری چنتا سمبھر مورتی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں بہتر حکمرانی اور انتظامیہ پر توجہ مرکوز کریں، انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو چاند لاکر دینے اور کھوکھلے وعدے کرنے کے بجائے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی کوشش کریں، سمبھر مورتی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کسی بھی مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کا ارادہ نہیں رکھتی اور وہ عوام کے لئے بہتر حکمرانی کے قیام کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی دنیا کے شہروں کی نقل کرنے کے بجائے حیدرآباد کی مناسب ترقی کو یقینی بنایاجانا چاہئے ۔ سمبھر مورتی نے الزام عائد کیا کہ یہ وہی چیف منسٹر تھے جنہوں نے کے جی تاپی جی مفت تعلیم کا وعدہ کیا تھا ور علیحدہ تلنگانہ کے لئے طلباء کا تعاون طلب کیا تھا۔ چیف منسٹر نے ہر ایک خاندان کو دو بیڈروم والے پختہ مکانات کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا تھا ، ہمیں حیرت ہے کہ وہ ان مکانات کی تعمیر کے لئے زمین کہاں سے لائیں گے ، اقتدار حاصل ہوئے ٹی آر ایس کو سات ماہ ہوچکا ہے اور ایک بھی مکان کے لئے تاحال سنگ بنیاد نہیں رکھا گیا۔ سمبھر مورتی نے سوال کیا کہ3.24لاکھ سلم علاقوں کا کیا ہوگا ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے کہا کہ وہ صرف وعدے کرنے کے بجائے بہتر حکمرانی پر توجہ مرکوز کریں تو بہتر ہوگا ۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ پہلے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے سی آر کا بیٹا اور داماد یاتراؤں پر ہیں جب کہ وہ خود ورنگل کا دورہ کررہے ہیں اور اسی ضلع کی ترقی کی اس طرح باتیں کررہے ہیں جیسے وہ صرف ورنگل کے چیف منسٹر ہیں۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ مجوزہ کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر کے سی آر کا ایک ڈرامہ ہے ، بی جے پی نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ ووٹ بینک جیسا سلوک نہ کریں اور ان کے ساتھ انسانی ہمدردی کے جذبے سے رجوع ہوں۔

Telangana state government to develop Warangal district

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں